ممبئی۔2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی نے اپنے عہدیداروں کی مدت کی حد میںتوسیع دینے کو منظوری دے دی۔ سابق کپتان سوروگنگولی کی قیادت میں بی سی سی آئی کی ممبئی میں منعقدہ 88 ویں سالانہ عام اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔اس بورڈ کے موجودہ صدرگنگولی کی 9 ماہ کی مدت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ بورڈ کے سالانہ عام اجلاس میں فیصلہ کیا گیا اگرچہ اس کے لئے سپریم کورٹ کی منظوری کی ضرورت ہو گی۔ بورڈ کے ایک اعلی عہدیدار نے کہاکہ تمام مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی گئی ہے اور اسے سپریم کورٹ کی منظوری کے لئے عدالت میں بھیج دیا جائے گا۔موجودا آئین کے مطابق ایک عہدیدار جس نے بی سی سی آئی یا ریاست یونین میں دوبار تین سال کی خدمت دی ہے، اسے لازمی طور پر تین سال کے کولنگ آف پیریڈ میں جانا ہوتا ہے۔ بورڈ کے ممبئی واقع ہیڈکوارٹر میں دوگھنٹے سے زیادہ وقت تک سالانہ عام اجلاس چلا۔گنگولی نے 23 اکتوبر کو بی سی سی آئی صدر کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا اگر سپریم کورٹ کی منظوری مل جاتی ہے تو وہ 2024 تک عہدے پر برقرار رہیں گے۔