کوہیما: ناگالینڈ میں ایل گنیشن نے ریاست کے نئے گورنر کے طور پر آج حلف لیا۔گنیشن کو یہاں گورنر ہاؤس میں گوہاٹی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سونگکھوپچنگ سرتو نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گنیشن نے کہا کہ آئین کی دفعات کے مطابق وہ انتہائی خلوص کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور اپنے دفتر کے کاموں میں بھی عدل و انصاف کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس اعلیٰ روایات کو برقرار رکھیں گے اور ان اصولوں کیلئے کام کریں گے جو ملک کی جمہوری اقدار کیلئے عزیز ہیں۔گورنر نے ایک سازگار سماجی ماحول پیدا کرنے کی اپیل کی تاکہ معاشرہ کے تمام طبقات کی رضاکارانہ شرکت کو ممکن بنایا جا سکے ۔حلف برداری کی تقریب میں ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ نیفیو ریو، نائب وزیر اعلیٰ وائی پیٹن، ناگالینڈ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر شرنگن لونگ کومر، ریاست کے چیف سکریٹری جے عالم، پولس کے ڈائریکٹر جنرل روپن شرما اور متعدد دیگر معززین نے شرکت کی۔