ہر منڈپ پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب لازمی ، کاماریڈی ایس پی کا خطاب
کاماریڈی۔24 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی ضلع پولیس کی جانب سے گنیش اتسو کے دوران امن و سکون برقرار رکھنے اور عوامی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم جائزہ اجلاس کلابھارتی میں منعقد ہوا جس میں ضلع ایس پی ایم راجیش چندرا ضلع ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) مسٹر وکٹر، میونسپل عہدیداران، ٹرانسکو شعبہ کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے نمائندے، گنیش اُتسو کمیٹی اراکین اور معززین شہر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع ایس پی مسٹر راجیش چندرا نے کہا کہ گنیش تقاریب کو سبھی برادریاں خوشگوار اور پرامن ماحول میں منائیں تاکہ ضلع کی روایت کو برقرار رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر منڈپ کی ذمہ داری متعلقہ منتظمین پر عائد ہوگی اور ان کیلئے ضروری ہے کہ سی سی کیمرے لازمی طور پر نصب کریں۔ ہر منڈپ کے منتظمین اور والینٹرس کے تفصیلات اور پروگراموں کی معلومات آن لائن ایپلیکیشن کے ذریعہ درج کروانے کی ہدایت دی انہوں نے کہا کہ منڈپ ایسے مقامات پر قائم ہوں جہاں عوامی آمدورفت یا ایمرجنسی گاڑیوں میں رکاوٹ نہ ہو اور ہر منڈپ پر کمیٹی ذمہ داران کے نام اور فون نمبر آویزاں کئے جائیں۔ ضلع ایس پی کاماریڈی راجیش چندرا نے مزید ہدایت دی کہ منڈپوںپر چوبیس گھنٹے والینٹرس موجود رہیں، بھکتوں کیلئے قطاریں بنائی جائیں، رات دس بجے کے بعد لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی اور ڈی جے کا استعمال مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ آگ سے بچاؤ کے لیے فائر ایکسٹنگوشرز، فائر بالز یا پانی کی بالٹیاں لازمی رکھی جائیں۔ اسی طرح شراب نوشی، جوا، فحش رقص، دیگر مذاہب کو نشانہ بنانے والی تقاریر یا گانے سختی سے ممنوع ہے۔ تقاریب میں صرف ثقافتی پروگرام شامل کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہر منڈپ میں چیکنگ رجسٹر ہونا چاہئے تاکہ معائنہ کے وقت عہدیداران دستخط کرسکیں۔ کسی مشکوک شخص یا شے کے بارے میں فوری ڈائل 100 پر اطلاع دی جائے۔ اجلاس میں ضلع ایڈیشنل ایس پی کے نرسمہا ریڈی، اے ایس پی بی۔ چیتنیا ریڈی، میونسپل عہدیدار اور دیگر شریک تھے۔