حیدرآباد ۔29۔ ستمبر (سیاست نیوز) ملک میں فرقہ پرست طاقتوں سے ہندو مسلم بھائی چارہ کو بگاڑنے کی کوششوں کے دوران حیدرآباد نے اپنی روایتی گنگا جمنی تہذیب کا ثبوت دیا ۔ گنیش وسرجن جلوس کے موقع پر پرانے شہر کے تاریخی چارمینار کے قریب جلوس سے اچانک نعت شریف کی آواز گونجنے لگی۔ جلوس کا مشاہدہ کرنے والے افراد حیرت میں پڑگئے کہ گنیش مورتی کی گاڑی کے لاؤڈ اسپیکر سے نعت شریف کیوں سنائی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے مظاہرہ کیلئے گنیش منڈپ کے منتظمین نے اپنی گاڑی میں نعت شریف کی ریکارڈنگ کا انتظام کیا تھا۔ ’’مرحبا یا مصطفیٰ‘‘ نعت سے سارا علاقہ گونج اٹھا۔ سوشیل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوگیا جس میں نعت شریف کی آواز سنی جاسکتی تھی۔ نہ صرف مقامی عوام بلکہ سوشیل میڈیا پر لوگوں نے اس اقدام کی بھرپور ستائش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تاریخی چارمینار کے قریب یہ ہندو مسلم اتحاد کا مظاہرہ دیکھا گیا۔ اسی دوران مسلم تنظیموں نے گنیش وسرجن جلوس کے پیش نظر میلاد جلوس کو یکم اکتوبر تک ملتوی کردیا ہے۔