گنیش وسرجن جلوس میں ڈی جے پر مکمل پابندی

   

عادل آباد میں امن کمیٹی اجلاس کا انعقاد ، ضلع کلکٹر و ایس پی کا خطاب
عادل آباد۔ 21 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گنیش جلوس کے دوران ڈی جے ساؤنڈ پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق ساؤنڈ سسٹم استعمال کرنے کا مشورہ امن کمیٹی اجلاس کے دوران عادل آباد ضلع کلکٹر راج رشی شاہ اور ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے ہندو سماج اُتسو سمیتی اور گنیش پنڈال کے ذمہ داروں کو دیا۔ مستقر عادل آباد کے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں امن کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ ضلع کلکٹر راج رشی شاہ نے محکمہ برقی، محکمہ بلدیہ، محکمہ آبکاری، محکمہ آر اینڈ بی اور میڈیکل اینڈ ہیلتھ کو پابند کرتے ہوئے کہا کہ گنیش تہوار اور عید میلادالنبیؐ کے پیش نظر سڑکوں کی مرمت، نالیوں کو فعال کیا جائے اور لائٹنگ کا معقول انتظام کیا جائے۔ گنیش وسرجن کے آخری دو دن شراب کی دکانیں بند رکھنے کی ہدایت دی۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کرتے ہوئے گنیش پنڈال کے پاس پولیس جوانوں کو تعینات کرنے اور دور دراز مقامات سے آنے والے یاتریوں کی سہولت کی خاطر ٹریفک بحال کرنے پولیس عہدیداروں کو مشورہ دیا۔ بے ترتیب برقی تاروں اور کیبل تاروں کو درست کرنے کی بھی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ بے بنیاد اطلاعات اور افواہوں پر دھیان نہ دیتے ہوئے پولیس کو اطلاع دینے کی عوام اپیل کی گئی۔ محکمہ برقی کی جانب سے ٹول فری نمبر 8712481799 پر ربط کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ امن اجلاس میں ہندو سماج اُتسو سمیتی کے ذمہ داروں کے علاوہ سراج قادری مجلس شہر قائد، نظیر احمد عادل آباد ٹاؤن کمیٹی صدر، روہت جامع مسجد کمیٹی کے ذمہ داران، جامع مسجد امام و خطیب مولانا ضمیر، کانگریس کے سابق ضلع صدر ساجد خان، افسر خان، مسجد خضر انتظامی کمیٹی صدر محمد خلیل احمد، مسجد مدینہ حمیداللہ انور، عثمانیہ مسجد انتظامی کمیٹی صدر محبوب خان، نائب صدر شیخ مصطفی، مسجد زہرہ خانہ پور انتظامی کمیٹی صدر شیخ ایوب، نے بھی اپنی تجاویز پیش کرتے ہوئے عہدیداروں کو واقف کرایا۔ سب کلکٹر یوراج، ایڈشنل کلکٹر شریمتی شاملا دیوی، آر ڈی او شریمتی شراونتی، ڈی ایم ڈبلیو منوہر، محکمہ ٹرانسکو ایس ای چاوان، کمشنر بلدیہ راجو، ڈی ایس پی جیون ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔