جملہ 25 ہزار ملازمین پولیس کی تعیناتی ۔ مختلف محکمہ جات میں تعاون و اشتراک پر زور
حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ ڈاکٹر جتیندر نے آج گنیش انتظامات کا جائزہ لیا ۔ گنیش وسرجن کیلئے ڈی جی پی نے شہر حیدرآباد میں راستوں کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند راچہ کنڈہ کمشنر سریدھر بابو ، کمشنر جی ایچ ایم سی امرپالی ، کلکٹر حیدرآباد انودیپ و محکمہ پولیس اور دیگر محکموں کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ بالا پور تا ٹینک بنڈ گنیش وسرجن کی روٹ کا معائنہ کیا اور تمام انتظامات کا ڈی جی پی نے از خود جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندر نے کہا کہ بالا پور تا ٹینک بنڈ راستہ کا معائنہ کیا گیا اور ضروری بنیادی سہولیات و انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 25 ہزار پولیس ملازمین کے ذریعہ سخت صیانتی انتظام کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کئے گئے انتظامات اور راستہ کو اپنایا جارہا ہے ۔ جبکہ جلوس کو وقت پر گزارنے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کو اپنی ذمہ داری کا پابند کردیا گیا ہے اور آپسی تال میل کے ذریعہ جلوس کو پرامن اور کامیاب بنایا جائے گا ۔ اس موقع پر حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے کہا کہ تمام محکموں کے تال میل سے مشترکہ اعلیٰ سطح کمیٹی انتظامات کو انجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی و حیدرآباد کلکٹر کی جانب سے سڑکوں کی مرمت اور درختوں کی کٹوائی اور راستہ کو موثر بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وسرجن کیلئے منڈپوں کے آرگنائزس کی خواہشات کے مطابق انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ شہر سے 15 ہزار اور اضلاع سے 10 ہزار پولیس ملازمین کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی امرپالی نے کہا کہ 17 ، 18 اور 19 ستمبر وسرجن کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماہر غوطہ خوروں کی خدمات حاصل کی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ اہم راستوں اور گلی کوچوں میں اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کے علاوہ نئی اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب عمل میں لائی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 19 ستمبر کی صبح تک وسرجن جاری رہے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کے تمام بڑے تالابوں میں اسٹیشنری اور موبائل کرین رکھے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ چھوٹے بے بی پانڈس کالونیوں میں تعمیر کئے گئے ہیں ۔۔ع