گنیش وسرجن کیلئے دونوں شہروں میں وسیع تر سکیوریٹی بندوبست

   

کمشنر پولیس سی وی آنندنے جلوس کے راستے کا معائنہ کیا ‘ نیم فوجی دستے بھی متعین

حیدرآباد : /26 ستمبر (سیاست نیوز) گنیش وسرجن کے موقع پر دونوں شہروں میں حیدرآباد سٹی پولیس سیکوریٹی کے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر پولیس بندوبست کیلئے 25,694 پولیس عملہ تعینات کیا جارہا ہے جبکہ 125 پلاٹون نیم فوجی دستوں کو بھی تعینات کیا جارہا ہے ۔ گنیش وسرجن کے پیش نظر پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے اپنے ماتحت عہدیداروں کے ہمراہ 19 کیلو میٹر طویل گنیش جلوس کے راستے کا معائنہ کیا ۔ /28 ستمبر کو بالاپور سے گنیش وسرجن کا آغاز ہوگا اور علاقہ چندرائن گٹہ ، چارمینار ، نیا پل ، معظم جاہی مارکٹ ، سکریٹریٹ اور پیپلز پلازہ سے گزرتا ہوا حسین ساگر جھیل میں اختتام کو پہنچے گا ۔ جاریہ سال وسرجن کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس نے گنیش مورتیاں منتقل کرنے والی گاڑیوں کے نمبرات کے ذریعہ متعلقہ علاقہ کے پنڈال سے وابستہ مورتی کی نشاندہی کا انتظام کیا ہے ۔ اس موقع پر پولیس کمشنر نے شہر کے 18 اہم جنکشن کی نشاندہی کی ہے جہاں سے گنیش کی مورتیاں جلوس کی شکل میں گزریں گی ۔ ریاپڈ ایکشن فورس کی تین کمپنیوں کو بھی تعینات کیا جارہا ہے اور اس مرتبہ 5 ڈرون کیمرے کی ٹیموں کو بھی تعینات کیا جارہا ہے ۔ انٹی گریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر سے جلوس پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور اس کیلئے بین محکمہ جاتی رابطہ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس میں جی ایچ ایم سی ، ایچ ایم ڈی اے ، ٹرانسکو ، واٹر ورکس ، آر ٹی اے اور میڈیکل ہیلت محکمہ بھی شامل ہے ۔ سی وی آنند نے عوام سے اپیل کی کہ گنیش وسرجن جلوس کیلئے پولیس سے تعاون کریں اور پولیس کی تجویز کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ۔ ب