مشرف فاروقی کا دورہ بنڈلہ گوڑہ، مقامی افراد سے ملاقات، فیسٹیول کے دوران احتیاط برتنے پرزور
حیدرآباد 19 اگست (سیاست نیوز) صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی مشرف فاروقی آئی اے ایس نے عوام اور گنیش پنڈال کے منتظمین سے اپیل کی کہ وہ گنیش فیسٹیول کے دوران برقی سربراہی کے سلسلہ میں تمام تر احتیاطی اقدامات کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ گنیش جلوس اور پنڈال میں برقی کی سربراہی کے ضمن میں عوام کو عہدیداروں سے مشاورت کے ذریعہ چوکس رہنا چاہئے۔ مشرف فاروقی نے گزشتہ دو دنوں میں رامنتاپور اور بنڈلہ گوڑہ میں پیش آئے واقعات پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا۔ جنم اشٹمی اور گنیش مورتی کی منتقلی کے دوران برقی شاک لگنے سے چند افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ مشرف فاروقی نے عنبرپیٹ میں گنیش پنڈال میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ پر بھی گہرے دُکھ کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ الیکٹرسٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کوئی کوتاہی کا ثبوت نہیں ہے اور تینوں واقعات میں دیگر وجوہات کے سبب انسانی جانوں کا اتلاف ہوا ہے۔ مشرف فاروقی نے بنڈلہ گوڑہ میں گنیش مورتی کی منتقلی کے موقع پر پیش آئے واقعہ کی تفصیلات حاصل کرنے کے لئے علاقہ کا دورہ کیا اور عہدیداروں اور مقامی افراد سے معلومات حاصل کیں۔ مشرف فاروقی نے بتایا کہ 27 اگست کو ونائک چتورتھی کا آغاز ہوگا اور گنیش کی مورتیاں شہر کے مختلف علاقوں کو منتقل کی جائیں گی۔ اُنھوں نے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مورتیوں کی منتقلی کے موقع پر سخت چوکسی اختیار کریں اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ مورتیوں کے راستے میں برقی سربراہی میں کوئی کوتاہی یا نقائص نہ رہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سڑکوں پر موجود 11kv نیٹ ورک کی برقی لائنوں کو کیبل میں منتقل کرنے کا کام گریٹر حیدرآباد کے حدود میں تیزی سے جاری ہے۔ وزیر برقی و ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی ہدایت پر برقی کھمبوں سے کیبل وائروں کو نکالنے کے لئے خصوصی مہم شروع کی گئی۔ اُنھوں نے عوام اور پنڈال کے آرگنائزرس سے اپیل کی کہ محکمہ برقی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے برقی شاک کے واقعات کا تدارک کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ مورتیوں کی منتقلی اور گنیش جلوس کے موقع پر احتیاطی اقدامات کے سلسلہ میں گائیڈ لائنس جاری کئے گئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسے راستے کا انتخاب کریں جہاں برقی تار مورتی سے زیادہ بلندی پر ہوں۔ برقی تاروں اور مورتی کے درمیان کم از کم 2 فیٹ کا فاصلہ برقرار رکھا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ کرین اور ٹرکس کی روانگی کے موقع پر سخت چوکسی کی ضرورت ہے۔ مشرف فاروقی نے کہاکہ سجاوٹ کے لئے جہاں تک ممکن ہو میٹل کے فریمس کا استعمال نہ کیا جائے۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ پنڈال کے لئے کنکشن حاصل کرنے برقی کھمبوں پر چڑھنے کی کوشش نہ کریں۔ محکمہ برقی کی منظوری کے بعد ہی برقی کنکشن دیا جائے گا۔ اُنھوں نے برقی سربراہی کے لئے آئی ایس آئی مارک الیکٹریکلس وائرس اور دیگر آلات کے استعمال کا مشورہ دیا۔ بچوں اور ضعیف افراد کو برقی تاروں سے دور رکھا جائے۔ مشرف فاروقی نے کہاکہ کسی بھی ناگہانی کی صورتحال میں عوام 1912 پر ڈائیل کرسکتے ہیں یا قریبی فیوز آف کال سنٹر کو اطلاع دیں۔1