گنیش چتورتھی کے سلسلہ میںکمشنر پولیس کی ویڈیو کانفرنس

   

حیدرآباد 10 ستمبر ( سیاست نیوز ) کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے گنیش چتورتھی تہوار کے سلسلہ میں تیاریوں کا جائزہ لینے تمام پولیس عہدیداروں بشمول پٹرولنگ اسٹاف کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا ۔ مسٹر سی وی آنند نے کہا کہ ایک جامع چھ مرحلوں والے سکیوریٹی منصوبہ کو قطعیت دی گئی ہے ۔ سکیوریٹی اور ٹریفک سے متعلق امور سے نمٹنے کیلئے ایک واضح منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کا اتوار ہی سے آغاز ہوچکا ہے اور اس میں مورتیوں کی تنصیب کیلئے قبل از وقت تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ تمام ہدایات سے واقف کروایا جا رہا ہے ۔ آن لائن سہولیات فراہم کی جا رہی ہے اور بندوبست کے منصو بے بنائے جا رہے ہیں ۔ دوسرے مرحلے میں فیلڈ آفیسرس گنیش پنڈالوں کا دورہ کریں گے اور وہاں سکیوریٹی کو مستحکم کریں گے ۔ رکاوٹوں کا معائنہ کیا جائیگا ۔ ٹریفک کے بہاؤ اور سی سی ٹی وی کیمروں کا معائنہ ہوگا ۔ تیسرے مرحلہ میں کوآرڈینینش اجلاس منعقد کئے جائیں گے اور بلدی کاموں میں تیزی پیدا کی جائے گی ۔ چوتھے اور پانچویں مرحلہ کا گنیش تہوار کے تیسرے دن سے آغاز ہوگا ۔