چیف سکریٹری سومیش کمار کا جائزہ اجلاس، کلے مورتیوں کی حوصلہ افزائی کی ہدایت
حیدرآباد۔/31 مئی، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے ستمبر میں گنیش وسرجن جلوس کے انتظامات کے سلسلہ میں بی آر کے بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو پلاسٹر آف پیرس کے بجائے کلے سے تیار کردہ مورتیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ ماحولیاتی تحفظ کیلئے یہ مورتیاں مددگار ثابت ہوں گی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے مورتیوں کی تیاری میں پلاسٹر آف پیرس، سینتھٹک کلرس اور کیمیکلس کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے واضح احکامات جاری کئے ہیں۔ عوام کو مضر اثرات سے بچانے کیلئے کلے مورتیوں کے حق میں شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ ہائی کورٹ نے ٹینک بنڈ یا کسی اور تالاب میں پلاسٹر آف پیرس کی مورتیوں کے وسرجن پر پابندی عائد کی ہے۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ تمام گنیش کمیٹیوں کے ارکان سے کلے مورتیوں کی تیاری کی ترغیب دیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ جو لوگ کلے مورتیاں تیار کرتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ ر
چیف سکریٹری نے کہا کہ مورتیوں کی تیاری اور وسرجن کے سلسلہ میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات کی پابندی ہونی چاہیئے۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، حیدرآباد اور راچہ کنڈہ کے پولیس کمشنرس سی وی آنند، مہیش بھاگوت، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل جتیندر، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، سکریٹری پولیوشن کنٹرول بورڈ نیتو پرساد اور دیگر سینئر عہدیدار شریک تھے۔ر