گواسکر اور ہربھجن کی ایشیا کپ کی کولمبو میزبانی پر تنقید

   

نئی دہلی ۔ سابق کرکٹرز سنیل گواسکر اور ہربھجن سنگھ نے ایشیا کپ کولمبو میں کروانے پر سخت تنقید کی ہے۔ ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سنیل گواسکر نے کہا کہ اس بات کی حقیقت جاننا بہت ضروری ہے کہ میچز ہمبنٹوٹا کیوں منتقل نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ تاثردیاگیا ہے کہ پلیئرز ہمبنٹوٹا نہیں جانا چاہتے تھے، اب صرف امید ہی کر سکتے ہیں کہ میچز بارش سے متاثر نہیں ہوں گے۔ پتا لگانا ہوگا کہ خراب موسم کے باوجود کولمبو میں ہی میچز کیوں رکھے گئے، پلیئرز کا سکون اہم ہے لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ کھلاڑی کرکٹ کھیلیں۔ سابق کپتان نے مزید کہا کہ ایشیا کپ میں ہرکوئی ورلڈ کپ سے قبل اپنا کامبی نیشن دیکھ سکتا ہے، پلیئرزکو بھی سمجھنا ہوگا کہ اگر ایک دو روز زیادہ سہولیات والی جگہ نہیں توکوئی فرق نہیں پڑے گا۔ سنیل گواسکر نے کہا کہ کھلاڑی میچ کے لیے پورا ماہ تیاری کرتے ہیں، اگر دو روزکم وسائل سے ٹریننگ کرنا پڑی توکیا ہوا؟ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ہمارے وقت میں مقام اور میدان کیلئے پلیئرز کی رائے نہیں ہوتی تھی، جہاں میچ ہو وہاں ہم کھیلتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میدان کیا ہوگا یہ پلیئرزکا مسئلہ ہونا بھی نہیں چاہیے، یہ عہدیداروں کا کام ہے کہ وہ دیکھیں کہ کہاں میچز ہوسکتے ہیں۔ ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کولمبو میں اب صرف ٹیموں کے درمیان تیراکی کا مقابلہ ہوگا۔