ممبئی۔ ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے ممبئی میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے لیے 33 سال قبل مختص کیا گیا سرکاری پلاٹ واپس کر دیا ہے۔ مہاراشٹر کے ہاؤسنگ منسٹر جتیندر اوہاد نے گزشتہ سال مضافاتی باندرہ علاقے میں گواسکر کو مختص کیے گئے پلاٹ کا استعمال نہ کرنے پر ناراضگی ظاہرکی تھی۔ اس پلاٹ پرکرکٹ اکیڈمی قائم کی جانی تھی لیکن تین دہائیاں گزرنے کے بعد بھی ایسا نہ ہوسکا۔ریاستی حکومت کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ گواسکر نے یہ پلاٹ مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ایچ اے ڈی اے ) کو واپس کر دیا ہے۔اوہاد نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ گواسکر نے چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے کو خط لکھ کر مطلع کیا تھا کہ وہ برسوں پہلے باندرہ میں انہیں دیے گئے پلاٹ پر کرکٹ اکیڈمی قائم کرنے کے قابل نہیں تھے۔اس سے قبل گواسکر نے سچن تنڈولکر کے ساتھ اکیڈمی کے قیام کے لیے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے رابطہ کیا تھا، لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔