گوانتانامو میں قید سعودی انجینئر 21 سال بعد رہا

   

ریاض: امریکہ نے گوانتانامو بے میں واقع اپنے بدنام زمانہ حراستی مرکز سے ایک سعودی انجینئر کی رہائی کا اعلان کیا ہے۔امریکی حکام نے اس سعودی شہری کو 11 ستمبر 2001 کو القاعدہ کے حملوں کے مشتبہ ملزم کے طور پر دو دہائی قبل گرفتار کیا تھا لیکن اس پر کبھی فردِجرم عائد نہیں کی گئی تھی۔48 سالہ غسان الشربی کو مارچ 2002 میں القاعدہ کے ایک فرد کے ساتھ پاکستان کے شہر فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔اس نے امریکی ریاست ایریزونا کی ایک ایروناٹیکل یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی اور نائن الیون حملوں کی سازش میں ملوث القاعدہ کے دو ہائی جیکروں کے ساتھ فلائٹ اسکول میں تعلیم وتربیت حاصل کی تھی۔امریکی فوج نے غسان شربی اور کئی دیگر کے خلاف عاید کردہ الزامات کا جائزہ لیا تھا اور 2008 میں انھیں واپس لے لیا تھا لیکن اس کے باوجود گوانتانامو بے،کیوبا میں واقع امریکی بحریہ کے اڈے پرفوجی جیل میں سعودی انجینئر کودشمن جنگجو کے طور پر رکھا گیا اور اس کی حیثیت کاگزرے برسوں کے دوران میں کبھی تعین نہیں کیا گیا،اس پر کبھی فرد جرم عائد کی گئی اور نہ ہی رہائی کی منظوری دی گئی۔لیکن فروری 2022 میں پنٹگان کے وقفہ جاتی جائزہ بورڈ نے یہ فیصلہ سنایا تھا کہ سعودی عرب کے شہر جدہ سے تعلق رکھنے والے اس شخص کو رہا کیا جا سکتا ہے۔