گوانتا موبے کے ’طالبان فائیو‘ میں سے 4وزیر کے عہدے پر

   

کابل:طالبان نے افغانستان کی عبوری حکومت میں بدنام زمانہ امریکی جیل گوانتاناموبے میں طویل عرصہ قید کاٹنے والے اپنے چار رہنماؤں کو بھی اہم عہدے دیے ہیں۔طالبان ترجمان کے مطابق سابق گوانتاناموبے قیدی ملا عبدالحق وثیق کو نئی افغان حکومت میں انٹیلی جنس سربراہ، خیر اللہ خیر خواہ کو وزارت اطلاعات و ثقافت، ملا نور اللہ نوری کو وزیر سرحدی و قبائلی امور اور ملا محمد فاضل کو نائب وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔یہ سابق قیدی 1996 سے 2001 تک طالبان کے پہلے دور حکومت میں بھی اعلیٰ عہدوں پر موجود تھے۔ ان میں سے ملا محمد فاضل اور ملا عبدالحق واثق کو دوبارہ انہی محکموں اور عہدوں کی ذمہ داری دی گئی ہے جن پر وہ دو دہائی قبل بھی فائز رہے۔چاروں طالبان رہنما اور ان کے ایک اور ساتھی محمد نبی عمری وہ پانچ قیدی تھے جنہیں جون 2014 میں اوباما انتظامیہ نے ایک امریکی فوجی اہلکار سارجنٹ بوبرگڈال کی رہائی کے بدلے رہا کیا اس لیے انہیں ’طالبان فائیو‘ کے نام سے بھی جاناجاتا ہے۔