گوا جزیرے پر بحریہ کا پرچم کشائی پروگرام منسوخ

   

پنجی ۔ بحریہ نے گوا کے مقامی باشندوں کے احتجاج کے پیش نظر یوم آزادی کے موقع پر جنوبی گوا کے ساؤ جیسنٹو میں قومی پرچم لہرانے کا اپنا پروگرام منسوخ کر دیا ہے ۔ بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آزادی کے 75 سال پورے ہونے کے موقع پر آزادی کا امرت مہوتسو پروگرام کے ایک حصے کے طور پروزارت دفاع نے 13 سے 15 اگست تک ملک بھر کے جزیروں میں قومی پرچم لہرانے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ گوا نیول ایریا کی ایک ٹیم نے اس ملک گیر مہم کے اقدام کے طور پر گوا کے جزیروں بشمول ساؤ جیسنٹو جزیرے کا دورہ کیا تھا ، تاہم ، مقامی باشندوں کے احتجاج کی وجہ سے ساؤ جیسنٹو جزیرے پر جھنڈا لہرانے کا پروگرام منسوخ کر دیا گیا۔ دریں اثنا ، گوا کے وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے بحریہ کے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ پہلے سے طے شدہ قومی پرچم لہرانے کا پروگرام منعقد کریں اور مقامی باشندوں کو خبردار کیا کہ ہندوستان مخالف سرگرمیوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ مسٹر ساونت نے اپنے ٹویٹ میں کہا‘‘یہ بدبختانہ اور شرمناک ہے کہ ساؤ جیسنٹو جزیرے پر کچھ لوگوں نے یوم آزادی کی تقریب کے موقع پرہندوستانی بحریہ کی جانب سے قومی پرچم لہرانے پر اعتراض کیا ہے ۔ میں اس کی مذمت کرتا ہوں اور کہنا چاہتا ہوں کہ میری حکومت ایسی حرکتوں کو برداشت نہیں کرے گی۔ میں نے ہندوستانی بحریہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے اصل منصوبے کے ساتھ آگے بڑھے اور گوا پولیس سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ہندوستان مخالف سرگرمیوں کی ان کوششوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ قوم ہمیشہ سب سے آگے رہے گی۔