پاناجی 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) گوا کے اپوزیشن ایم ایل ایز جمعہ کے روز گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی جو دراصل ایک لیجسلیٹر کی گرفتاری کے بعد ہوئی تھی۔ ایم ایل ایز نے گورنر سے خواہش کی کہ موصوف ’’جمہوریت کا خون‘‘ نہ ہونے دیں۔ اطلاعات کے مطابق آزاد رکن اسمبلی روہن کھونٹے کو مبینہ طور پر بی جے پی ترجمان پریمانند مہامبرے کو ڈرانے دھمکانے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم بعدازاں اُنھیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔ اپوزیشن لیڈر ڈگمبر کامت کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر سے ملاقات کی۔ قبل ازیں اُنھوں نے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا تھا اور ایک یادداشت بھی داخل کی تھی۔ اُنھوں نے گورنر سے استدعا کی کہ موصوف پرمود ساونت حکومت کو ہدایت دیں کہ وہ مہامبرے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرے۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کھونٹے نے بتایا کہ گورنر نے وفد کو تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کریں گے۔
