گوا کے تمام اہل افراد نے کورونا کی پہلی خوراک لے لی

,

   

وزیر اعظم مودی نے ڈاکٹروں، طبی اہلکاروں اور انتظامیہ کی ستائش کی‘ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت
ہندوستان نے ایک دن میں ہی 2.5 کروڑ افراد کو ٹیکہ لگانے کی تاریخ رقم کی : مودی

نئی دہلی: ریاست گوا کے تمام بالغوں کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک فراہم کئے جانے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز طبی کارکنان اور کووڈ ویکسین کے مستفیدین سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت کی۔ وزیر اعظم نے ریکارڈ ٹیکہ کاری کے لئے ملک کے ڈاکٹروں، طبی اہلکاروں اور انتظامیہ کی ستائش کی۔ علاوہ ازیں ویکسین کے حوالہ سے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔کسی جماعت کا نام لئے بغیر اپوزیشن جماعتوں پر طنز کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ سنا ہے کہ جو ویکسین لیتے ہیں ان میں سے بہت کم لوگوں میں منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بخار آتا ہے۔ یہ بھی کہتے ہیں کہ بہت زیادہ بخار آ جائے تو ذہنی توازن بھی بگڑ جاتا ہے۔ ایسا ڈاکٹر لوگ بتاتے ہیں۔ پہلی مرتبہ دیکھ رہا ہوں کہ کل ڈھائی کروڑ سے زیادہ ویکسین لگی اور رات کے 12 بجے کے بعد ایک سیاسی جماعت کا رد عمل آیا۔ ان کو بخار چڑھ گیا ہے، اس کی کوئی منطق ہو سکتی ہے کیا؟وزیر اعظم نریندر مودی نے طبی اہلکاروں اور ٹیکہ کاری سے وابستہ افراد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کاوشوں سے ہندوستان نے ایک دن میں ہی 2.5 کروڑ لوگوں کو ٹیکہ لگانے کی تاریخ رقم کی ہے۔ ترقی پذیر اور طاقتور ممالک بھی ایسا نہیں کر پاتے۔ کل ہر گھنٹے 15 لاکھ سے زیادہ، ہر منٹ 26 ہزار سے زیادہ اور ہر سیکنڈ 425 لوگوں کو کورونا ویکسین کی خوراک فراہم کی گئی۔‘‘اس دوران گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے کہا کہ ہم نے کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک کا صد فیصد نشانہ حاصل کر لیا ہے۔ وزیر اعظم اور حکومت سے جو تعاون حاصل ہوا اس کی بنا پر یہ کر پائے۔ ہم نے تقریباً 42 فیصد کورونا ویکسین کی دوسری خوراک اب تک فراہم کی ہے اور ہم نے ویکسین کی بربادی بالکل بھی نہیں کی۔