گوا کے سی ایم پر اتحادیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کا الزام

   

بی جے پی حکومت مستحکم ہے تو 10 کانگریسیوں کی شمولیت کیوں: سردیسائی
پناجی۔24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گوا فارورڈ پارٹی کے صدر وجئے سردیسائی نے گوا کے چیف منسٹر پرمود ساونت پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اپنے اتحادیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا اور سوال کیا کہ جب بی جے پی کی قیادت میںان کی حکومت بہت ہی مستحکم ہے تو کانگریس کے بڑے پیمانے پر اپنی پارٹی سے انحراف کی کیا معقول وجہ ہوسکتی ہے۔ انہوں نے گوا کے سابق چیف منسٹر آنجہانی منوہر پاریکر اور ان کے جانشین ساونت کے طرز حکومت کے تضاد پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے 10 ارکان مقننہ نے محض اس لیے سیاسی خودکشی کرلی کہ گوا فارورڈ پارٹی کے تین ارکان کو کابینہ سے برطرف کردیا جائے۔ کانگریس کے 10 ارکان کے رواں ماہ کے اوائل میں بی جے پی میں شرکت کرنے کے بعد ساونت نے کابینہ میں ردوبدل کیا اور اپنی اتحادی جماعت جی ایف پی کے تین ارکان کو کابینہ سے نکال دیا۔ جن میں خود جی این پی کے صدر وجئے سردیسائی بھی شامل ہیں جو ساونت کی کابینہ میں ڈپٹی چیف منسٹر تھے۔ اس کے علاوہ ایک آزاد ارکان اسمبلی کو بھی کابینہ سے ہٹادیا گیا۔ سردیسائی نے کہا کہ جب بی جے پی کی حکومت مستحکم ہے اور وہ بغیر کسی رکاوٹ کے چل رہی ہے۔ ایسی صورت میں ہم اتنے بڑے پیمانے پر ارکان اسمبلی کی ’دل بدلی‘‘ کی توقع نہیں کررہے تھے۔