گوا کے مندر میں بھگدڑ ، 6 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

   

پنجی : گوا میں سالانہ مذہبی تہوار کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ تہوار اپنی خصوصی تقریبات، بشمول آگ پر چلنے کے لیے مشہور ہے۔ پولیس حکام نے ہفتہ کے روز بتایا ہے کہ ہندوستان کی مغربی ساحلی ریاست گوا کے ایک ہندو مندر میں منعقدہ سالانہ ’شری لارائی یاترا‘ تہوار کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ گوا اور اس کے پڑوسی ریاستوں مہاراشٹر اور کرناٹک سے لاکھوں عقیدت مند شری لارائی دیوی مندر میں منعقدہ اس سالانہ ہندو تہوار میں شریک ہوئے تھے۔ گوا کے ریاستی دارالحکومت پنجم میں پولیس افسر وی ایس چڈونکر نے بتایا، عقیدت مند ایک مذہبی رسم دیکھ رہے تھے کہ رسومات کے دوران پیدا ہونے والی افراتفری نے بھگدڑ کو جنم دیا۔

گوا بھگدڑ میں عقیدت مندوں کی موت پر راہول کا اظہار غم
نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے گوا کے ایک مندر میں بھگدڑ کی وجہ سے عقیدت مندوں کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ راہول گاندھی نے ہفتہ کو کہا کہ گوا کے شرگاؤں میں لیرائی دیوی مندر کی سالانہ یاترا کے دوران بھگدڑ میں کئی عقیدت مندوں کی موت اور زخمی ہونے کی خبر کافی افسوسناک ہے ۔ میں تمام سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ساتھ ہی، میں تمام زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی خواہش کرتا ہوں۔ کانگریس پارٹی نے اپنے آفیشل ایکس پیج پر کہا کہ گوا کے شیرگاؤں میں ’شری لیرائی جاترا‘ کے دوران بھگدڑ میں کئی عقیدت مندوں کی موت کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے ۔ ساتھ ہی اس حادثہ میں کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ کانگریس غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتی ہے ۔ میں ایشور سے جانیں گنوانے والوں کی روح کو سکون دینے اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی پرارتھنا کرتا ہوں۔