چارہ چھوڑ کر مرغ و مچھلی کھارہی ہیں ، وزیر کا دعویٰ
پاناجی 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) گوا کے ریاستی وزیر مائیکل لوبا نے کہا ہے کہ سڑکوں پر گھومنے والی ایک آوارہ گائے کو ریاست کے گاؤشالہ منتقل کیا گیا جہاں وہ ’نان ویج‘ (گوشت خور) ثابت ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آوارہ مویشیوں میں اکثر کوڑا کرکٹ میں پھینکے ہوئے غذاؤں بشمول مرغ و مچھلی کھانے کے سبب یہ عادت پڑجاتی ہے۔ لوبو نے اتوار کو آرپورہ گاؤں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’کلانکوٹے سے ہم تقریباً 76 گائیوں کو یہاں منتقل کئے تھے جہاں ہم نے دیکھا کہ گھاس پھوس پر گزارا کرنے والی اکثر گائیں اب نان ویج (گوشت خور) بن گئی ہیں‘۔ لوبو نے یہ حیرت انگیز انکشاف بھی کیاکہ ’یہ آوارہ گائیں اب گھاس نہیں کھارہی ہیں۔ وہ چنا چنی بنولا وغیرہ میں مویشیوں کی مخصوص چارہ بھی نہیں کھارہی ہیں‘۔ وزیر نے کہاکہ ’کلانگوٹے اور کانڈولم کی یہ گائیں اب کچرے میں پھینکے ہوئے چکن کے سالن اور فرائیڈ فش (تلی ہوئی مچھلی) جیسی ’نان ویج‘ غذائیں کھارہی ہیں۔ چنانچہ یہ گائیں جو عام طور پر ویجیٹرین ہوتی ہیں، نان ویجٹیرین (گوشت خور) بن گئی ہیں جس سے گاؤ شالہ چلانے والوں کے لئے مسئلہ بن گیا ہے جس سے نمٹنے کے لئے اور ان کے علاج کے لئے حیوانات کے ڈاکٹروں سے مدد لی گئی ہے۔