پنجی : گوا اسمبلی الیکشن میں کانگریس پارٹی کی کراری ہار کی ذمہ داری لیتے ہوئے پارٹی کے ریاستی صدر گریش چوڈنکر نے منگل کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق چوڈنکر نے اپنا استعفیٰ ہائی کمان کو بھیج دیا ہے ۔ پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں گوا فارورڈ پارٹی (جی ایف پی) کے ساتھ اتحاد کرکے الیکشن لڑا تھا،جس میں کانگریس نے 11 سیٹیں حاصل کیں جبکہ جی ایف پی ایک سیٹ پر جیت درج کرپائی۔ کانگریس 2017 کے اسمبلی انتخابات میں 17 سیٹ جیت کر س بسے بڑی پارٹی ہونے کے بعد بھی حکومت بنانے میں ناکام رہی تھی،حالانکہ برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت مخالف لہر کی وجہ سے اکثریت حاصل نہیں کرسکی تھی۔کانگریس اسمبلی میں اکثریت ختم کرنے اور اپنے دم پر حکومت بنانے کی امید کررہی تھی ،لیکن بی جے پی 40 اسمبلی سیٹوں میں سے 20 سیٹیں اپنے پاس ہونے کا دعوی کرکے حکومت بنانے میں کامیاب رہی۔ ووٹوں کی گنتی کے دن مسٹر چوڈنکر نے کہا کہ وہ ہار کی اخلاقی ذمہ داری لے کر استعفیٰ دینے کے لئے تیار ہیں اور وقت آگیا ہے کہ پارٹی ریاست میں نئے ریاستی صدر کی تقرری کرے ۔