گوجروں کا احتجاج ،جے پور۔ آگرہ شاہراہ پر آمدورفت متاثر

   

بھرت پور ، 11فروری (سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان میں گوجروں کے پانچ فیصد ریزرویشن کے مطالبہ کے سلسلے میں کئے جارہے مظاہروں کے دوران مظاہرین نے آج آگرہ۔جے پور قومی شاہراہ 21 پر رکاوٹ ڈال کر سڑک کو بند کردیا۔مظاہرین نے ا ٓگرہ۔جے پور قومی شاہراہ نمبر ۔21 پر سکندرہ میں جام لگادیا، اس سے اس مارگ پر بھرت پور، آگرہ، علی گڑھ، دھول پور، ہنڈون اور کرولی کے لئے جانے والی روڈویز کی بسوں کے ساتھ سبھی طرح کی گاڑیوں کی آمدورفت رک گئیں۔ روڈویز ذرائع نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر لگے جام کے بعد اب روڈویز بسوں کو مان پور چوراہے سے نکالا جارہا ہے ۔ اس مارگ پر روڈویز نے بسوں کی آمدورفت بند کردی ہے ۔ جے پور سے روانہ ہوانے والی بسیں دوسہ تک ہی جارہی ہیں۔دوسری جانب سوائی مادھوپور کے ملارانا ڈنگر میں سینکڑوں گوجر مسلسل چوتھے دن بھی پٹریوں پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ موصول اطلاع کے مطابق ملاراناڈنگر میں دھرنے کی جگہ سے دو کلومیٹر دور ملارنا اسٹیشن پر احتیاط کے طور پر پولس فورس میں اضافہ کردیا گیا ہے۔