گوداوری ریور مینجمنٹ بورڈ کا آج اجلاس ،تلنگانہ کی عدم شرکت

   

Ferty9 Clinic

آئندہ تاریخ میں اجلاس منعقد کرنے اسپیشل چیف سکریٹری تلنگانہ کا مکتوب

حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے گوداوری ریور مینجمنٹ بورڈ کے 9 اگسٹ کو طلب کردہ اجلاس میں شرکت سے معذوری کا اظہار کیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ آبپاشی ڈاکٹر رجت کمار نے صدرنشین گوداوری ریور مینجمنٹ بورڈ کو اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کرتے ہوئے اجلاس ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ نے 9 اگسٹ کے اجلاس میں عدم شرکت کی پہلے ہی اطلاع دے دی ہے۔ عدالتوں میں مقدمات اور دیگر قانونی امور کے پیش نظر تلنگانہ 9 اگسٹ کے اجلاس میں شرکت سے قاصر ہے لہذا صدر نشین بورڈ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ کسی اور تاریخ کا تعین کریں تاکہ تلنگانہ اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اپنا موقف واضح کرسکے۔ واضح رہے کہ تلگو ریاستوں کے درمیان آبی تنازعہ کی یکسوئی کیلئے یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ کرشنا اور گوداوری دریاؤں پر تعمیر کردہ آبپاشی پراجکٹس کو مینجمنٹ بورڈس کے تحت لانے کیلئے مرکز کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس پر 2 اکٹوبر سے عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ تلنگانہ حکومت نے مرکز کے نوٹیفکیشن پر اعتراض جتایا ہے جبکہ آندھرا پردیش حکومت چاہتی ہے کہ تمام آبپاشی پراجکٹس فوری طور پر مرکز کے کنٹرول میں کئے جائیں۔ دونوں مینجمنٹ بورڈس نے آبپاشی پراجکٹس کو تحویل میں لینے کی کارروائی تیز کردی ہے۔