حیدرآباد: 27 جولائی (سیاست نیوز) اسپیشل چیف سکریٹری آبپاشی رجت کمار نے کہا کہ بھدراچلم کے قریب خطرے کا دوسرا سگنل بلند کردیا گیا ہے اور اطراف کے علاقوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی طور پر دو ہیلی کاپٹرس تیار رکھے گئے ہیں۔ رجت کمار نے متاثرہ اضلاع کے آبپاشی عہدیداروں کے ساتھ بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ زیر آب آنے والے ذخائر آب کے دروازے کھولنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بھدراچلم شہر میں پانی کے بہائو میں اضافے سے بچائو اور راحت کے کاموں کو تیز کردیا گیا۔ کڈیم پراجیکٹ میں پانی کا بہائو کافی زیادہ ہے اور صبح تک یہ سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ پروگرام کے نتائج بارش کے بعد برآمد ہونے لگے ہیں۔ شدید اور موسلادھار بارش کے باوجود تالابوں اور جھیلوں میں پانی کا ذخیرہ ہوا اور کئی علاقے پانی کی زد سے محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ 46 ہزار سے زائد تالابوں میں صرف 100 تالابوں میں شگاف پڑنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ رجت کمار نے کہا کہ ریاست بھر میں محکمہ آبپاشی کو چوکس کردیا گیا ہے۔ متحدہ عادل آباد، ورنگل اور کھمم میں آبپاشی پراجیکٹس میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ 19 علاقوں کے چیف انجینئرس کی قیادت میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری کی سطح آب میں اضافے سے آبادیوں کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ تاہم دو ہیلی کاپٹرس کو تیار رکھا گیا ہے۔
