9 دسمبر کو سکریٹریٹ میں تلگو تلی مجسمہ کی نقاب کشائی ، تقریب میں شرکت کی دعوت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے گورنر تلنگانہ ، قائد اپوزیشن کے سی آر اور صدر تلنگانہ بی جے پی و مرکزی وزیر جی کشن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے 9 دسمبر کو سکریٹریٹ کے احاطے میں مجسمہ تلگو تلی کی رسم اجرائی تقریب میں شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے سرکاری دعوت نامہ پیش کیا ۔ اس موقع پر حکومت کے مشیر ایچ وینو گوپال کے علاوہ پروٹوکال ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار بھی موجود تھے ۔ پونم پربھاکر نے راج بھون میں گورنر جیشنودیو ورما سے ملاقات کی ۔ ایراولی فارم ہاوز میں قائد اپوزیشن کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں حکومت کا دعوت نامہ پیش کیا ۔ پونم پربھاکر دوپہر میں فارم ہاوز پہونچے تھے جس پر کے سی آر نے انہیں لنچ کرنے کا پیشکش کیا جس کو انہوں نے قبول کرلیا اور لنچ کر کے فارم ہاوز سے واپس ہوئے ۔ اس طرح پونم پربھاکر نے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی سے بھی ملاقات کرتے ہوئے انہیں بھی تلگو تلی مجسمہ کی رسم اجرائی تقریب میں شرکت کرنے کی دعوت دی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت کے دعوت پر گورنر ، قائد اپوزیشن اور مرکزی وزیر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت اپنا ایک سالہ جشن منا رہی ہے اور اسی حصہ کے طور پر سکریٹریٹ میں تلگو تلی کے مجسمہ کی رسم اجرائی کررہی ہے ۔ اس پروگرام میں حکومت تمام اپوزیشن اور ہم خیال جماعتوں کو حصہ بنا رہی ہے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ مرکزی وزیر اور قائد اپوزیشن سے ملاقات کے دوران کوئی سیاسی بات چیت نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو تلی مجسمہ کی رسم اجرائی تقریب میں تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جارہا ہے ۔ کے سی آر اور کشن ریڈی نے اپنے اپنے پارٹیوں میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے فیصلہ کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ میں مختلف جماعتوں کے درمیان سیاست ہوسکتی ہے مگر جہاں تک ریاست کی ترقی کا معاملہ تمام جماعتوں کو سیاست سے بالاتر ہو کر حکومت کی تائید کرنی چاہئیے ۔۔ 2