واقعہ پر اظہار افسوس، پسماندگان سے قیامگاہ پہنچ کر ملاقات
حیدرآباد۔/30نومبر، ( سیاست نیوز) ریاستی گورنر ٹی سوندرا راجن نے شمس آباد پہنچ کر مقتول وٹرنری ڈاکٹر پرینکا ریڈی کے ارکان خاندان سے ملاقات کی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور خاطیوں کو سزا کے سلسلہ میں حکومت کو توجہ دلانے کا تیقن دیا۔ واضح رہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کا پرینکا ریڈی کی قیامگاہ پر تانتا بندھ چکا ہے جو پسماندگان سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار ہمدردی کررہے ہیں۔ اسی دوران گورنر نے ریاست میں قتل کے واقعات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے عہدیداروں سے پوچھا کہ ریاست میں آخر یہ سب کچھ کیا ہورہا ہے۔ انہوں نے حکومت کو ہدایت دی کہ وٹرنری ڈاکٹر کے قتل کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔ اسی دوران بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن اور دیگر قائدین نے گورنر سے ملاقات کی۔ انہوں نے ریاست میں خواتین کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعات میں اضافہ سے واقف کرایا اور ریاستی حکومت پر ناکامی کا الزام عائد کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی قائدین کی نمائندگی کے بعد گورنر نے حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔