حکمران ٹی آر ایس قائدین میں بے چینی ، سیاسی حلقوں میں مسئلہ موضوع بحث
حیدرآباد /17 ستمبر ( سیاست نیوز ) بحیثیت گورنر دو سال مکمل کرنے والی ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن اپنی کارکردگی کی چھاپ چھوڑنے اور گورنر کا عہدہ ربر اسٹامپ نہ ہونے کا ثبوت دینے راج بھون میں عوامی مسائل اور شکایتیں وصول کرنے ’ پرجا دربار ‘ شروع کرنے کی تیاریاں کر رہی ہیں ۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ ہفتہ 10 دن میں اس کو قطعیت دے دی جائے گی ۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے تلنگانہ کی دوسری اور پہلی خاتون گورنر کی حیثیت سے 8 ستمبر 2019 کو اپنی ذمہ داری قبول کی تھی ۔ اس کے علاوہ انہیں 18 فروری 2021 کو پوڈوچیری کا لفٹنٹ گورنر کی زائد ذمہ داری سونپی گئی ۔ ماضی میں ہی گورنر پرجا دربار کا اہتمام کرنا چاہتی تھی مگر شروع نہیں کرپائی ۔ تاہم اب گورنر کے عوامی دربار شروع کرنے کی تیاریوں پر ٹی آر ایس قائدین میں بے چینی دیکھی جارہی ہے ۔ کورونا کے دوران گورنر نے حکومت کی پالیسیوں کو خاموشی سے تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ وباء کو کنٹرول
کرنے وہ طبی ماہر کے طور پر حکومت کو چھ تا 7 مکتوبات روانہ کرچکی تھی ۔ وہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر سے تبادلہ خیال کرچکی ہیں ۔ کورونا ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کا مشورہ دے چکی ہیں ۔ اس طرح مختلف امور پر گورنر نے حکومت کو نشانہ بنایا ہے ۔ حکومت نے گورنر کوٹہ میں کوشک ریڈی کو ایم ایل سی بنانے کی قرارداد راج بھون کو روانہ کی ۔ جس پر آج تک گورنر نے فیصلہ نہیں کیا ۔ اب ٹی آر ایس گورنر کے پرجا دربار کے پروگرام کو لے کر نئی بحث شروع ہوئی ہے ۔ گورنر کی تیاریاں سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنی ہوئی ہیں ۔ N۔