گورنر آر بی آئی کی آج انڈسٹری چیمبرس کیساتھ میٹنگ

   

نئی دہلی ۔16جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) گورنر ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی ) شکتی کانت داس جمعرات کو انڈسٹری چیمبرس کے ساتھ میٹنگ منعقد کرتے ہوئے اُن کے مسائل اور اُن کی تشویش سے واقفیت حاصل کریں گے ۔ گزشتہ ماہ آر بی آئی کے پچیسویں گورنر کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد وہ مختلف متعلقین کے ساتھ مشاورتیں کررہے ہیں جن میں بینکس ، نان بینکنگ فینانشیل کمپنز اور بہت چھوٹے ، چھوٹے اور اوسط درجہ کے تجارتی ادارے شامل ہیں۔ گورنر داس نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ وہ 17 جنوری کو صنعت و تجارت کے فاضل اداروں اور اسوسی ایشنس کے ساتھ میٹنگ منعقد کریں گے ۔ یہ اجلاس چھٹے دو ماہی مالیتی پالیسی سے متعلق بیان برائے 2018-19 ء سے قبل منعقد ہورہاہے ۔ متذکرہ بیان 7 فبروری کو اعلان کیا جانا ہے ۔ انڈسٹری کا مطالبہ رہاہے کہ گھٹتے افراطِ زر اور فیاکٹری کی پیداوار کے پیش نظر شرح میں کٹوتی لائی جائے ۔