حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) یوم آزادی کے موقع پر آندھرا پردیش کے دارالحکومت وجئے واڑہ میں گورنر وشوا بھوشن ہری چندن نے ایٹ ہوم کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی، اسپیکر اسمبلی ٹی سیتا رام، صدرنشین قانون ساز کونسل احمد شریف، ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ ریاست کی تقسیم کے بعد پہلی مرتبہ آندھرا پردیش میں گورنر کے ایٹ ہوم کا اہتمام کیا گیا۔ اس سے قبل تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے ای ایس ایل نرسمہن مشترکہ گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے اور وہ حیدرآباد میں ایٹ ہوم کا اہتمام کرتے تھے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی ملادی وشنو، ایس اودئے بھانو، وسنت کرشنا پرساد ، جوگی رمیش، تلگودیشم قائدین کلاوینکٹ راؤ، کے رویندرا، اشوک بابو، بی جے پی قائدین کنا لکشمی نارائنا، دلیپ اے ناگیندر، سی ایچ گائتری، سی پی آئی قائدین ، رام کرشنا ، جی ولسن کے علاوہ آئی اے ایس، آئی پی ایس اور شہر کے معززین نے ایٹ ہوم میں شرکت کی۔
