حیدرآباد ۔ 31۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سال نو کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ گورنر نے اپنے پیام میں تمام ہندوستانیوں اور بالخصوص تلنگانہ کے عوام کو دلی اور پرخلوص مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سال 2026 تلنگانہ کے ہر شہری کیلئے خوشحالی ، اچھی صحت اور خواہشات کی تکمیل کا سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وکست بھارت کے نظریہ کو اختیار کرتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا اہم رول ادا کریں۔ انہوں نے سماجی برائیوں ، غربت اور بیماری کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ سماج میں مساوات امن ، خوشحالی اور ترقی کے اقدامات میں حصہ لینے کی عوام سے اپیل کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام کو سال نو کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیام میں کہا کہ تلنگانہ رائزنگ ویژن 2047 کی تکمیل کے لئے سال 2026 میں اہم پیشرفت کی امید ہے۔ کسان ، خواتین اور ورکرس کے علاوہ سماج کے تمام طبقات کی بھلائی اور ان کی خواہشات کی تکمیل کے سلسلہ میں 2026 میں نیک تمنائیں وابستہ کرتے ہیں۔ انہوں نے ریاست میں امن ، بھائی چارہ اور خوشحالی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے بھی عوام کو سال نو کی مبارکباد پیش کی۔1