حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مسلمانوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی ہے۔ دونوں نے اپنے علیحدہ پیامات عید میں اُمید ظاہر کی کہ عیدالاضحی بھائی چارہ اور ایثار و قربانی کے جذبہ کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔ گورنر جشنودیو ورما نے کہاکہ عیدالاضحی ایثار و قربانی کے جذبہ کی یاد تازہ کرتا ہے۔ اسلامی عقیدہ کے اعتبار سے اِس عید کی کافی اہمیت ہے جس میں عفو و درگذر اور ضرورت مندوں کی مدد کا پیام دیا گیا ہے۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ عیدالاضحی سے ریاست میں امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ کو فروغ حاصل ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنے پیام میں کہاکہ دنیا بھر میں مسلمان حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں عیدالاضحی مناتے ہیں جنھوں نے اللہ کے حکم کی تعمیل میں اپنے فرزند کو قربان کرنے کا عزم کیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ عیدالاضحی انبیائے کرام کے غیرمتزلزل ایمان اور قربانی کے جذبہ کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ عید انسانیت کو پیام دیتی ہے کہ زندگی میں آنے والی مشکلات سے خوفزدہ ہوئے بغیر خدا پر ایمان رکھتے ہوئے نیکی کے راستہ پر چلنا چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ عیدالاضحی کا درس یہ ہے کہ جو کچھ ہمارے پاس ہے اُس میں سے دوسروں کو تقسیم کیا جائے جو سخاوت کی مثال ہے۔1