گورنر اور چیف منسٹر کے درمیان کشیدگی ختم ، سکریٹریٹ آمد

   

روایتی انداز میں استقبال، نئے سکریٹریٹ سے گورنرکافی متاثر

حیدرآباد ۔25۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان گزشتہ دیڑھ سال سے جاری کشیدگی کا آخرکار خاتمہ ہوگیا۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج سکریٹریٹ کی تینوں عبادتگاہوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور گورنر کو نئے سکریٹریٹ کے معائنہ کیلئے مدعو کیا گیا۔ حکومت کے مختلف بلز کی منظوری میں تاخیر اور گورنر کوٹہ کے امیدواروں کے کلیئرنس سے انکار کے بعد گورنر اور چیف منسٹر کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ گورنر کو سرکاری تقاریب میں مدعو نہیںکیا جس کی انہوں نے شکایت بھی کی۔ تلنگانہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر گورنر کو مدعو نہیں کیا گیا تھا ۔ دونوں اداروں کے درمیان کشیدگی کا ماحول برقرار تھا لیکن کل پی مہیندر ریڈی کی کابینہ میں شمولیت کے بعد کشیدگی خوشگوار ماحول میں تبدیل ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر اور چیف منسٹر نے راج بھون میں کافی دیر تک بات چیت کی جس میں چیف منسٹر نے گورنر کو عبادتگاہوں کے افتتاح کی دعوت دی۔ طئے شدہ پروگرام میں گورنر کی آمد کا کوئی تذکرہ نہیں تھا لیکن صبح میں گورنر سوندرا راجن کی آمد کی اطلاع دی گئی ۔ گورنر اور چیف منسٹر نے ایک ساتھ عبادتگاہوں کی افتتاحی تقریب میں حصہ لیا اور دونوں انتہائی خوشگوار موڈ میں دیکھے گئے۔ سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے پہلی مرتبہ سوندرا راجن بی آر امبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ پہنچنے پر گورنر کا روایتی انداز میں استقبال کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے گورنر کو مختلف فلورس کی تعمیر اور دفاتر کے بارے میں تفصیلات سے واقف کرایا۔ گورنر کو چیف منسٹر کے چیمبر کا معائنہ کرایا گیا۔ جہاں انہیں تہنیت پیش کی گئی ۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے گورنر کا روایتی انداز میں استقبال کیا۔ نئے سکریٹریٹ کے طرز تعمیر سے گورنر کافی متاثر ہوئیں۔ چیف منسٹر ، ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ گورنر نے ’’ہائی ٹی ‘‘ میں شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے گورنر کو باب الداخلہ پر پہنچ کر وداع کیا ۔ سکریٹریٹ میں موجودگی کے دوران گورنر کو عمارت کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا ۔ خاتون وزراء سبیتا اندرا ریڈی ، ستیہ وتی راتھوڑ نے گورنر کو تہنیت پیش کی چیف سکریٹری شانتی کماری نے گورنر کا استقبال کرتے ہوئے تلک لگایا ۔ چیف منسٹر نے یادگاری مومنٹو پیش کیا۔