گورنر اے پی کورونا سے متاثر، علاج کیلئے حیدرآباد منتقل

   

ڈاکٹرس نے صحت کو مستحکم قرار دیا، گورنر تلنگانہ نے عیادت کی
حیدرآباد۔/17 نومبر، ( سیاست نیوز) گورنر آندھرا پردیش وشوا بھوشن کی طبیعت اچانک بگڑجانے پر انہیں خصوصی طیارہ کے ذریعہ حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ گچی باؤلی میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹرو انٹرالوجی میں گورنر کا علاج جاری ہے۔ طبیعت بگڑنے پر گورنر کو پہلے وجئے واڑہ میں واقع ایک ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں ان میں کورونا کی علامات پائے جانے کا شبہ ظاہر کیا گیا جس کے فوری بعد ڈاکٹرس کی نگرانی میں خصوصی طیارہ کے ذریعہ انہیں حیدرآباد منتقل کیا گیا۔انڈین انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹرو انٹرالوجی کے ڈاکٹرس نے گورنر وشوا بھوشن ہری چندن کے کورونا سے متاثر ہونے کی توثیق کی ہے۔ڈاکٹرس کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے۔ گورنر وشوا بھوشن سابق میں ایک مرتبہ کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے نئی دہلی کا دورہ کرتے ہوئے مختلف پروگراموں میں شرکت کی تھی۔ گورنر نے آندھرا پردیش کے کئی علاقوں کا بھی دورہ کیا تھا۔ کل سے ان میں کورونا کا علامات ظاہر ہونے پر ڈاکٹرس نے ہاسپٹل منتقل کرنے کی صلاح دی۔ بہتر علاج کیلئے حیدرآباد کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹرو انٹرالوجی سے رجوع کیا گیا ہے۔ اسی دوران نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے گورنر آندھرا پردیش کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے ہاسپٹل پہنچ کر گورنر آندھرا پردیش کی عیادت کی اور صحت کے بارے میں ڈاکٹرس سے بات چیت کی۔ر