گورنر اے پی کورونا وائرس سے محفوظ، ٹسٹ منفی

   

امراوتی 28 اپریل (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے اسپیشل چیف سکریٹری (صحت) کے ایس جواہر ریڈی نے کہاکہ آندھراپردیش کے گورنر بسوا بھوشن ہری چندن کا کورونا وائرس ٹسٹ منگل کو منفی برآمد ہوا اور وہ اِس وباء سے پوری طرح محفوظ ہیں۔ دو دن قبل اُن کے اسٹاف کے 4 ارکان کوویڈ ۔ 19 پازیٹیو پائے گئے تھے۔ جواہر ریڈی نے کمشنر اطلاعات ٹی وجئے کمار ریڈی کے ساتھ کورونا وائرس کی صورتحال پر روز مرہ کی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہاکہ گورنر کی شریک حیات کا کورونا معائنہ بھی منفی پایا گیا ہے۔ گورنر کے چیف سکیورٹی آفیسر، ایک اسٹاف نرس اور راج بھون کے 2 چپراسیوں کے معائنے دو دن قبل مثبت پائے گئے تھے۔ اسپیشل چیف سکریٹری نے کہاکہ آندھراپردیش میں میڈیکل اسٹاف کے 31 ارکان گزشتہ چند دن کے دوران اِس وباء سے متاثر ہوئے ، اُن میں 12 ڈاکٹر اور 12 نرسیس، 2 فارماسسٹ بھی شامل ہیں جن کے کورونا وائرس کے معائنے مثبت پائے جانے کے بعد علاج جاری ہے۔ کرنول کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجیو کے 83 سالہ والد، 2 بھائیوں ، 2 بھاوجوں اور ایک لڑکے کا کورونا وائرس معائنے مثبت پائے جانے کے بعد علاج جاری ہے۔