پٹنہ۔19اکتوبر(پریس نوٹ) گورنر ریاست بہار جناب عارف محمد خان نے عظیم مجتہد و شہید ملت حضرت قاضی سید نوراللہ شوشتری (شہیدِ ثالث) کے مزارِ اقدس آگرہ (اترپردیش) کو چادر اور پھول پیش کر کے عقیدت و احترام کا اظہار کیا۔گورنر بہار کی جانب سے یہ چادر پیش کرنے کی سعادت جناب میر فراست علی باقری سابق ریاستی ترجمان بی جے پی تلنگانہ نے حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہیدِ ثالثؒ کے علمی و روحانی مقام کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔گورنر جناب عارف محمد خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت شہیدِ ثالثؒ کی تعلیمات آج بھی انسانی برادری کے لیے امن، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہیں جو نسل در نسل انسانیت کے لیے مشعلِ راہ بنی ہوئی ہیں۔ تقریب میں کئی ممتاز شخصیات شریک ہوئیں جن میں سید طاہر رضا ایڈوکیٹ (ہائی کورٹ لکھنؤ) اور سنجَر امام (بہار اسٹیٹ جنرل سکریٹری، آل انڈیا شیعہ سماج) شامل تھے۔اس موقع پر میر فراست علی باقری نے گورنر بہار عارف محمد خان اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ عقیدت مندانہ پیشکش راج بھون پٹنہ کی سرپرستی و دعاؤں کے ساتھ انجام دی گئی جو محبت و اخوت کا مظہر ہے۔