گورنر بی جے پی کے اشاروں پر کام کرنے میں مصروف

   

75 سالوں میں کسی صدر یا گورنر نے اجلاس بلانے سے پہلے کبھی قانون سازی کے کاموں کی فہرست نہیں مانگی: عآپ

چنڈی گڑھ : عام آدمی پارٹی (عاپ) نے گورنر کی جانب سے اسمبلی اجلاس کے قانون سازی کے کام کی تفصیلات مانگنے کو ‘‘افسوسناک اور قابل مذمت’’ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں‘‘ آپریشن لوٹس’’ کامیاب کرنے کے لئے گورنر بی جے پی کے اشارے پر کام کر رہے ہیں۔ آپ کے سینئر لیڈر اور کابینہ کے وزیر امن اروڑہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ گزشتہ 75 سالوں میں کسی صدر یا گورنر نے اجلاس بلانے سے پہلے کبھی قانون سازی کے کاموں کی فہرست نہیں مانگی، لیکن یہ پنجاب میں پہلی بار ہو رہا ہے کیونکہ گورنر واضح طور بی جے پی اور کانگریس کے ساتھ مل کر جمہوری نظام کو کمزور کرنے اور عام آدمی پارٹی کی حکومت کو کام کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے اروڑا نے کہا کہ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے وہاں گورنروں کو اپوزیشن کے طور پر کام کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ بی جے پی حکمران حکومت کو کام کرنے سے روکنے اور اپنے مذموم ایجنڈے کو نافذ کرنے کے لیے اپنی مشینری کا غلط استعمال کر رہی ہے ۔ اسی لیے گورنر عآپ حکومت کو بار بار نوٹس بھیج رہے ہیں اور پارٹی کو آئین ہند کے مطابق آزادانہ طور پر کام کرنے سے روک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو ہونے والی قانون سازی کی کارروائی کی گورنر کا دفتر کی جانب سے تفصیلات طلب کرنا جمہوریت کے قتل کی نئی کوشش ہے ۔ قبل ازیں گورنر نے 22 ستمبر کو آپ حکومت کی طرف سے بلائے گئے خصوصی اجلاس کو منسوخ کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں بھی بی جے پی کے لیفٹیننٹ گورنر کجریوال حکومت کو کام کرنے سے روک رہے ہیں اور اب بی جے پی نے یہ کام پنجاب کے گورنر کو سونپ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی آپ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہے ، اسی لیے وہ اس طرح کے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے ، کابینی وزیر نے کہا کہ 2012 میں، جب مودی گجرات کے وزیر اعلی تھے ، انہوں نے اس وقت کے گورنر پر کانگریس کے ساتھ مل کر ان کی حکومت کے خلاف سازش کرنے کا الزام لگایا تھا۔ اب بی جے پی بھی اسی طریقے سے کام کر رہی ہے ، تاکہ ملک کی دوسری پارٹیوں کی ریاستی حکومتوں کو کام کرنے سے روکا جا سکے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے گرین ہائیڈروجن پر جرمنی، بیلجیئم اور ہالینڈ کے نالج شیئرنگ ٹور کے لیے سیاسی منظوری نہ دینے پر مسٹر اروڑا نے کہا کہ بی جے پی کا مقصد پنجاب میں سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کی ترقی کو روکنا ہے ۔