گورنر تلنگانہ نے ذات پات کے سروے میں ا پنی تفصیلات درج کرائی

   

حیدرآباد ۔ 9 نومبر (سیاست نیوز) ریاست میں ذات پات پر مبنی خاندانی جامع سروے کا آغاز ہوگیا ہے۔ راج بھون پہنچ کر گورنر جیشو دیو ورما سے تفصیلات حاصل کی گئیں۔ اس کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع اور شہری علاقوں میں شمار کنندگان گھر گھر پہنچ کر عوام کو سوالنامہ پیش کرتے ہوئے اس کی خانہ پُری کررہے ہیں ۔ دوسری طرف ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارک نے کلکٹرس اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے سروے کے تعلق سے معلومات حاصل کیں اور مشورے بھی دیئے۔ گورنر سے سروے سے متعلق سوالات کرنے کے دوران پرنسپل سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ، بی وینکٹیشم، حیدرآباد کلکٹر انودیپ درشیٹی، ایڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی اسنہا، پلاننگ ڈائرکٹرس، رومرس، اوپرکاش کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ گورنر نے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اپنے ارکان خاندان کی تفصیلات درج کرائی۔ اس طرح ریاست کے مختلف اضلاع اور شہری علاقوں میں سروے کا آغاز کیا گیا۔ عوام جوش و خروش کے ساتھ سروے میں حصہ لے رہے ہیں۔ عوام میں اس سروے کے تعلق سے چند شکوک و شبہات بھی پائے جاتے ہیں جب اس کی اطلاعات موصول ہوئی تو ڈپٹی چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ عوام کے شبہات کو دور کرنے کیلئے صبروتحمل سے کام کریں اور انہیں پوری طرح مطمئن کریں۔ 6 تا 8 نومبر تک ہاؤز لیسٹنگ کا کام مکمل کیا گیا۔ ایک سروے کرنے والے عملہ کو 150 تا 175 مکانات کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ریاست میں 1,17,44,954 کروڑ خاندان ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میں 28,32,490 لاکھ خاندان ہیں۔ سروے کیلئے 94,750 شمار کنندگان کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ ان کی نگرانی کیلئے 9.478 سوپروائزرس کو نامزد کیا گیا ہے۔2