گورنر تلنگانہ کو چیف منسٹر کی سال نو کی مبارکباد،راج بھون میں ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن سے ریونت ریڈی کی ملاقات

   

حیدرآباد۔یکم۔جنوری(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج سال نو کے موقع پر راج بھون پہنچ کر گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں سال نو کی مبارکباد پیش کی اورنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ اس خیرسگالی ملاقات کے دوران کابینی رفقاء کونڈا سریکھااور دیگر موجود تھے۔گورنر تلنگانہ سے ملاقات کرنے والوں میں اسپیکر اسمبلی مسٹر جی پرساد راؤ بھی شامل تھے۔ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن نے سال نو کے موقع پر ملاقات کرنے والوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ وہ تلنگانہ عوام کی محبتوں کو کبھی فراموش نہیں کرپائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ آج انہوں نے 3500 افراد سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے سال نو کی مبارکباد قبول کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی‘ اسپیکر اسمبلی مسٹر جی پرساد راؤ ‘ ریاستی وزراء کونڈا سریکھا اور مسز ستیکا اکا نے گورنر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں گلدستہ پیش کیا اور ان کی شال پوشی کی۔گورنر تلنگانہ نے ا س موقع پر بتایا کہ وہ روزانہ عوام کے لئے 4 گھنٹے دستیاب ہیں اور ان سے ملاقات کرنے والوں سے انہوں نے خواہش کی ہے کہ وہ انہیں گلدستہ پیش کرنے کے بجائے انہیں نوٹ بکس پیش کریں تاکہ مستحق طلبہ کی مدد کی جاسکے۔ گورنر تلنگانہ نے آج راج بھون تلنگانہ کی تمام سرگرمیوں سے عوام کو واقف کروانے کے لئے ’’گورنر‘‘ کے نام سے واٹس ایپ چیانل کا آغاز کیا ہے اور اس چیانل کے ذریعہ راج بھون کی تمام تر سرگرمیوں سے عوام کو راست واقف ہونے کا موقع میسر آئے گا۔3