حیدرآباد۔/3 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ جمعہ کو گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کرے گا۔ سابق بی آر ایس حکومت کی جانب سے گورنر کو قانون ساز کونسل کے لئے نامزد کرنے دو ناموں کی سفارش کی گئی تھی لیکن گورنر نے انہیں مسترد کردیا تھا۔ گورنر کوٹہ کی ایم ایل سی نشستوں کیلئے بی آر ایس قائدین ڈاکٹر ڈی شراون اور کے ست نارائنا کے نام سابق حکومت نے روانہ کئے تھے لیکن گورنر نے سیاسی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے ناموں کو مسترد کردیا۔ درخواست گذاروں نے ان کی درخواست کو سماعت کیلئے پیش کرنے چیف جسٹس الوک ارادھے سے درخواست کی تھی۔ چیف جسٹس نے ہائی کورٹ رجسٹری کو ہدایت دی کہ درخواستوں کو سماعت کیلئے فہرست میں شامل کیا جائے۔ رجسٹری نے درخواستوں کو سماعت کیلئے جمعہ کے مقدمات کی فہرست میں شامل کیا۔ دونوں درخواست گذاروں نے گورنر کے اقدام کو چیلنج کیا ہے۔ دونوں ناموں کی اس وقت کی کابینہ نے منظوری دیتے ہوئے گورنر کو روانہ کیا تھا۔ درخواست گذاروں کا استدلال ہے کہ گورنر نے گذشتہ سال ستمبر میں ناموں کو مسترد کردیا اور ان کا یہ اقدام اختیارات سے تجاوز کرنے کے مترادف ہے۔ درخواست گذاروں کا کہنا ہے کہ نامزد ارکان کونسل کے ناموں کا انتخاب کرنا ریاستی کابینہ کا حق ہے۔ چیف جسٹس الوک ارادھے کی زیر قیادت بنچ پر جمعہ کو سماعت ہوگی۔ 1
واضح رہے کہ ڈاکٹر شراون اور ست نارائنا کے ناموںکو مسترد کرتے ہوئے گورنر نے کہا تھا کہ یہ دونوں گورنر کوٹہ کے لئے درکار اہلیت کے دائرے میں نہیں آتے۔ گورنر نے کابینہ اور چیف منسٹر سے درخواست کی تھی کہ سیاسی وابستگی رکھنے والے افراد کو گورنر کوٹہ میں نامزد کرنے سے گریز کریں۔ درخواست گذاروں نے 7 ڈسمبر کو ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی تھی۔ درخواستوں میں گورنر کے دفتر کے علاوہ چیف سکریٹری اور جی اے ڈی ڈپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔1