اپنی تحریر کردہ کتاب تمیلی سائی سوندرا راجن نے نریندر مودی کو پیش کی
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے کئے گئے اقدامات کی ستائش کی ۔ بالخصوص وارروم تیار کرنے کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔ دو دن تک دہلی میں قیام کرنے والی گورنر تلنگانہ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیراعظم سے ملاقات کی ۔ کوویڈ بحران کے دوران وزیراعظم کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر اپنی جانب سے تحریر کردہ کتاب کو گورنر نے نریندر مودی کو پیش کیا ۔ بعد ازاں دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے تلنگانہ حکومت کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ بحران کے دوران مرکزی حکومت نے ملک کے تمام ریاستوں سے مکمل تعاون و اشتراک کیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے ریاستوں کو مشورے ، تجاویز پیش کئے ۔ ادویات ، آکسیجن کی سربراہی اور دیگر معاملت میں مکمل تعاون کیا ۔ کورونا ویکسین کی سربراہی میں مرکزی حکومت نے پورا پورا ساتھ دیا اور تلنگانہ حکومت نے ٹیکہ اندازی کی مہم کامیابی کے ساتھ چلائی ۔ کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے تلنگانہ حکومت نے ہائی ٹیک سطح پر عصری ٹکنالوجی کا بھر پور استعمال کیا ۔ تلنگانہ حکومت کی اس سونچ و فکر اور تجربہ کو پدوچیری میں استعمال کیا گیا ۔ تلنگانہ اور پدوچیرو کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید استوار کرنے کے لیے یہ پروگرام معاون و مددگار ثابت ہوا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے تمام یونیورسٹیز کے قدیم طلبہ کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی ۔ جن یونیورسٹیز میں قدیم طلبہ نے تعلیم حاصل کی ہے ۔ ان یونیورسٹیز کی ترقی ، تحقیق اور دوسرے پروگرامس کے لیے قدیم طلبہ کی کسی نہ کسی طرح خدمات سے استفادہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کے قبائیلوں کو تغذیہ بخش غذا فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس سلسلے میں خصوصی پروگرامس تیار کئے جارہے ہیں ۔۔