گورنر تلنگانہ کے عہدہ پر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کے دو سال مکمل

   

حکومت اور عوام کے تعاون پر اظہار تشکر، سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوںمیں اضافہ کی تجویز، کورونا ٹیکہ اندازی حوصلہ افزاء
حیدرآباد۔10۔ستمبر (سیاست نیوز) ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے تلنگانہ کے گورنر کے عہدہ پر اپنے دو سال مکمل کرلئے ہیں۔ دو سال کی تکمیل پر سوندرا راجن نے راج بھون میں صحافت کے نمائندوں اور معزز شخصیتوں کی موجودگی میں اپنے دو سالہ تجربات اور کارکردگی پر تحریر کردہ کتاب کی رسم اجراء انجام دی ۔ گورنر نے کہا کہ تلنگانہ میں دو سال کی تکمیل پر انہیں خوشی اور اطمینان ہے ۔ انہیں اس مدت کے دوران تلنگانہ عوام اور حکومت سے مکمل تعاون حاصل ہوا جس کیلئے اظہار تشکر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے دو برسوں میں انہیں جو محبت دی ہے وہ فراموش نہیں کرپائیں گی۔ کورونا کی صورتحال سے نمٹنے میں تلنگانہ حکومت کے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے سوندرا راجن نے کہا کہ دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں ٹیکہ اندازی کی مہم تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کیلئے سرکاری دواخانوں میں بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوں میں مزید اضافہ کی تجویز پیش کی اور کہا کہ غریب عوام کے لئے سرکاری دواخانے علاج کے بہتر مراکز ثابت ہونے چاہئے ۔ گورنر نے وباء اور سیلاب کی صورتحال کے موقع پر سرکاری مشنری کی کارکردگی کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ موبائیل ٹسٹنگ کے ذریعہ کورونا کے ٹسٹ منعقد کئے گئے اور یہ فیصلہ وباء پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔ گورنر نے کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ چاول کی پیداوار کا اہم مرکز بن چکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے ساتھ روابط انتہائی خوشگوار رہے ہیں۔ انہوں نے پڈوچیری کیلئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے پی پی ای کٹس اور ماسک کی فراہمی پر اظہار تشکر کیا۔ گورنر نے کہا کہ راج بھون کے عہدیداروں اور عملہ کے تعاون سے انہوں نے دو برسوں میں بہتر طور پر کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے ان کی جانب سے منعقدہ ہر پروگرام میں مکمل تعاون کیا جس کے نتیجہ میں عوام میں شعور بیداری میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کے عہدہ پر دو سال کی تکمیل کو وہ اپنی والدہ کے نام معنون کرتی ہیں جن کا حال ہی میں دیہانت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی صورتحال سے نمٹنے دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں بہتر اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز کی آیوشمان بھارت اسکیم کے بارے میں چیف منسٹر کے سی آر نے ابتداء میں دلچسپی نہیں دکھائی ۔ تاہم اس پروگرام کی تفصیلات اور فوائد کے اظہار کے بعد انہوں نے اسکیم کو تلنگانہ میں عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد ملک کے ہر شہری کو کورونا کی خوراک دی جائے گی۔ انہوں نے کورونا وباء کے دوران مریضوں کی خدمت انجام دینے والے افراد اور تنظیموں کے علاوہ تھلیسینیا کے مریضوں کی امداد کیلئے ریڈ کراس سوسائٹی اور انڈین آرمی سے اظہار تشکر کیا ۔ R