حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما نے ریاست میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کیلئے اپنے خصوصی اختیارات کے تحت 30 لاکھ روپئے کی گرانٹ جاری کی ہے۔ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی تلنگانہ برانچ کو یہ رقم الاٹ کی گئی تاکہ بارش سے متاثرہ اضلاع میں ضلعی برانچس کے ذریعہ امدادی و راحت کے کام انجام دیئے جائیں۔ گورنر نے 30 لاکھ روپئے کا چیک انڈین ریڈ کراس سوسائٹی تلنگانہ برانچ کے صدرنشین اجئے مشرا آئی اے ایس ریٹائرڈ کے حوالے کیا۔ گورنر نے بارش اور سیلاب کے سبب بھاری نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ چوکسی برقرار رکھیں۔ جشنودیو ورما نے ریڈ کراس سوسائٹی، اسکاؤٹس اینڈ گائیڈس، این ایس ایس والینٹرس، رضاکارانہ تنظیموں اور اہل خیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ امدادی کاموں میں حکومت سے اشتراک کرکے عوام میں غذا، ادویات اور دیگر سامان تقسیم کریں۔ گورنر نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے مطابق عوام کو موجودہ صورتحال سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور سرکاری مشنری متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ گورنر نے سرکاری مشنری کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں عوام کی خدمت میں مصروف ہوجائیں۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی جانب سے تمام متاثرہ خاندانوں تک امداد ضرور پہنچے گی۔1