اختیاری فنڈ سے فرنیچر کی سربراہی کا وعدہ ،رضاکارانہ تنظیم کی خدمات کی ستائش
حیدرآباد ۔ 18۔ جون (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے راج بھون کے ہائی اسکول میں زیر تعلیم طلبہ میں نوٹ بکس کی تقسیم کئے۔ بھارت سیوا آشرم سنگھ نامی رضاکارانہ تنظیم کی جانب سے راج بھون ہائی اسکول کے طلبہ میں ہر سال نوٹ بکس کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے۔تنظیم نوٹ بکس مفت سربراہ کرتی ہے۔ گورنر نے تنظیم کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ غریب طلبہ کی تعلیمی ضرورتوں کی تکمیل مستحسن اقدام ہے۔ اس موقع پر گورنر کے سکریٹری دانا کشور اور رضاکارانہ تنظیم کے نمائندوں منیشور آنند مہاراج سوامی وینکٹشور آنند اور دوسرے موجود تھے ۔ راج بھون ہائی اسکول کے طلبہ میں 4000 لانگ نوٹ بکس اور 1600 شارٹ نوٹ بکس تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر گورنر نے راج بھون ہائی اسکول کے ٹیچرس کی خدمات کو سراہا جو معیاری تعلیم کے ذریعہ طلبہ کے بہتر مستقبل کیلئے کوشاں ہیں۔ حالیہ ایس ایس سی امتحانات میں طلبہ نے بہتر مظاہرہ کیا اور حیدرآباد میں ٹاپ رینک حاصل کیا تھا ۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں اسکول کے صد فیصد نتائج کی روایت برقرار رہے گی ۔ اسکول کی ہیڈ ماسٹر کی اپیل پر گورنر نے اسکول کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے اپنے اختیاری فنڈ سے اسکول میں فرنیچر کی فراہمی اور منی انڈور اسٹیڈیم اور آڈیٹوریم کی تعمیرکا تیقن دیا۔ تنظیم کی جانب سے نوٹ بکس کے علاوہ دیگر تعلیمی میٹریل بھی طلبہ کوسربراہ کیا جاتا ہے۔1