گورنر ریاست کی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہی ہیں : ہریش راؤ

   

سکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب میں مدعو کرنے کا دستور میں تذکرہ نہیں ہے ، بی جے پی میں شامل ہوجانے کا مشورہ دیا
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت و فینانس ٹی ہریش راؤ نے گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن کے رویے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب میں مدعو کرنے کا دستور میں کوئی تذکرہ نہیں ہے ۔ میری حکومت کہتے ہوئے گورنر حکومت کے پیٹھ میں خنجر گھونپ رہی ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وندے بھارت ریل کے افتتاح کے لیے کیا وزیراعظم نریندر مودی نے صدر جمہوریہ کو مدعو کیا تھا ۔ وندے بھارت ریل کو کتنی مرتبہ افتتاح کرتے ہم نے کوئی سوال کیا ؟ گورنر کا طرز عمل ریاست کے مفادات کو نقصان پہونچانے کے مترادف ہے ۔ گورنر کے برتاؤ کا طریقہ کار تکلیف دہ ہے ۔ وزیر صحت نے استفسار کیا کہ کیا میڈیکل ایجوکیشن کے پروفیسرس کی ریٹائرمنٹ کی عمر کا بل 7 ماہ تک روکنا ضروری تھا ۔ جب تک سپریم کورٹ کی جانب سے نوٹ نہیں لیا گیا تب تک بلز کو زیر التواء رکھا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر میں اس لیے اضافہ کیا گیا کیوں کہ ریاست میں تجربہ کار پروفیسرس نہیں ہیں ۔ مشترکہ تقرراتی بورڈ کا بل واپس کرنا بے روزگار نوجوانوں کو روزگار سے محروم کرنا ہے کیا اس طرح کا بورڈ ملک کی دوسری ریاستوں میں نہیں ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن میری حکومت کہتے ہوئے حکومت کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہی ہے ۔ طلبہ کو تعلیم بیروزگار نوجوانوں کو روزگار سے دور کررہی ہیں ۔ بہار ، جھاڑکھنڈ ، اڈیشہ ریاستوں میں کئی برسوں سے یونیورسٹیوں میں کامن ریکروٹمنٹ ہورہا ہے ۔ تلنگانہ میں گورنر کو کیوں اعتراض ہے ۔ سمجھ سے باہر ہے ۔ ماضی میں 5 خانگی یونیورسٹیز بلز کو منظوری دینے والی گورنر اس مرتبہ بلز کو روک رہی ہیں ۔ مہاراشٹرا اور کرناٹک میں بھاری تعداد میں خانگی یونیورسٹیز ہیں وہ بھی بی جے پی کے زیر حکومت ریاستیں ہیں ۔ سدی پیٹ میں ویٹرنری کالج منظور ہوا وہاں پروفیسرس کی قلت ہے ۔ گورنر بلز کو روکتے ہوئے ریاست کی ترقی میں رکاوٹ بن رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوپر اسٹار رجنی کانت کا بھی تاملناڈو سے تعلق ہے ۔ انہوں نے ریاست کی ترقی کی ستائش کی ہے ۔ انہیں جو معلومات ہے وہ معلومات گورنر کو نہیں ہے۔ مقامی اداروں کے بل پر بھی گورنر کو اعتراض ہے اگر انہیں سیاست ہی سب کچھ ہے تو وہ دوبارہ بی جے پی میں شامل ہو کر مقابلہ کریں۔۔ ن