گورنر سوندرا راجن اور چیف منسٹر کے سی آر کی خوشگوار بات چیت

   

صدر جمہوریہ ہند شریمتی دروپدی مرمو کی آمد کے موقع پر نمایاں تبدیلی، سیاسی قائدین حیرت زدہ
حیدرآباد۔/4جولائی، ( سیاست نیوز) راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان کشیدگی کے درمیان آج حکیم پیٹ ایر فورس ہوائی اڈہ پر چیف منسٹر کے سی آر اور گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن کے درمیان خوشگوار ملاقات نے وہاں موجود ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا۔ تقریباً دیڑھ سال سے گورنر اور چیف منسٹر کے درمیان کشیدہ ماحول ہے اور گورنر نے حکومت کے کئی فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اسمبلی میں منظورہ بلز کے کلیرنس میں تاخیر پر حکومت کو سپریم کورٹ سے رجوع ہونا پڑا۔ ہنوز بعض سرکاری بلز گورنر کی منظوری کے منتظر ہیں۔ گورنر نے کل عثمانیہ ہاسپٹل کا اچانک دورہ کرکے ناقص انتظامات کی نشاندہی کی اور حکومت سے نئے ہاسپٹل کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ وزیر صحت ہریش راؤ اور دیگر وزراء اور عوامی نمائندوں نے گورنر کو بارہا تنقید کا نشانہ بنایا۔ گورنر و چیف منسٹر کے درمیان اگرچہ گذشتہ مرتبہ صدر جمہوریہ کی آمد کے موقع پر سامنا ہوا لیکن دونوں نے بات چیت نہیں کی اور دوریاں برقرار رہیں۔ چیف منسٹر نے خود کو صدر جمہوریہ کے استقبال تک محدود رکھا تھا اور راج بھون میں گورنر کے ترتیب دیئے گئے عشائیہ میں شرکت نہیں کی تھی۔ آج صبح صدر جمہوریہ کی آمد سے قبل گورنر اور چیف منسٹر حکیم پیٹ ایر فورس اسٹیشن پہنچ گئے اور خصوصی شامیانے میں انتظار کرنا پڑا۔ گورنر پہلے پہنچ گئیں اس کے بعد چیف منسٹر ایر فورس اسٹیشن پہنچے۔ چیف منسٹر نے گورنر سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ والی نشست پر بیٹھ گئے۔ دونوں کی خیرسگالی ملاقات ہوئی اور نشست پر بیٹھنے کے بعد کافی دیر تک دونوں گفتگو کرتے رہے ۔ خوشگوار گفتگو سے یہ محسوس نہیں ہورہا تھا کہ دونوں میں کشیدگی ہے۔ وہاں موجود وزراء خود بھی دونوں کی خوشگوار بات چیت سے حیرت میں تھے۔ صدر جمہوریہ کے طیارہ کی لینڈنگ تک گورنر و چیف منسٹر تبادلہ خیال کرتے رہے اور چیف منسٹر نے گورنر کی باتوں پر ردعمل ظاہر کیا۔ طیارہ پارکنگ ایریا میں رکنے کے بعد گورنر اور چیف منسٹر طیارہ کے قریب پہنچ گئے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جو تصاویر جاری کی گئیں ان میں رسمی استقبال کی تصاویر ہیں جبکہ گورنر اور چیف منسٹر کی بات چیت کی تصاویر جاری نہیں کی گئیں۔ چیف منسٹر دفتر کے پریس نوٹ میں گورنر سوندرا راجن اور مرکزی وزیر کشن ریڈی کا نام بعد میں ترمیمی پریس نوٹ میں شامل کیا گیا۔ طیرانگاہ پر چیف منسٹر اور گورنر کی خوشگوار ملاقات سے امید کی جارہی ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ مرکز سے کے سی آر کے بہتر روابط کا اثر راج بھون اور پرگتی بھون کے تعلقات پر ضرور پڑے گا۔ر