گورنر سوندرا راجن سے چیف منسٹر کے سی آر کی ملاقات

   

سالگرہ کی مبارکباد ، ریاست کے مسائل پر تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔2۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج راج بھون پہنچ کر گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ۔ یہ حسن اتفاق ہے کہ تلنگانہ کے یوم تاسیس کے دن یعنی 2 جون کو گونر کی سالگرہ ہے۔ چیف منسٹر نے گورنر کو گلدستہ اور پھلوں کا تحفہ پیش کرتے ہوئے سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور صحت مند زندگی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ گورنر نے چیف منسٹر کو یوم تاسیس تلنگانہ کی مبارکباد پیش کی اور اپنی سالگرہ اور یوم تاسیس کے ایک ہی دن ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ۔ گورنر نے کہا کہ یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ وہ ایک ایسی ریاست کی گورنر بن پائی ہیں جس کا یوم تاسیس ان کے جنم دن پر ہے ۔ چیف منسٹر اور گورنر نے ریاست کو درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ گورنر نے کہا کہ جدوجہد آزادی کے بعد علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک ملک کی تاریخ میں طویل ترین تحریک بنی رہے گی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ کے حصول کے لئے کئی افراد نے اپنی جانوں کی قربانی دی اور ریاست تلنگانہ ان کی قربانیوں کا نتیجہ ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یوم تاسیس کے موقع پر شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور پرچم کشائی انجام دی گئی ۔ گورنر نے تلنگانہ عوام کو یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی ۔ چیف منسٹر کے ہمراہ گورنر کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کر نے والوں میں ارکان راجیہ سبھا کے کیشو راؤ ، سنتوش کمار ، کے آر سریش ریڈی ، حکومت کے مشیران راجیو شرما ، انوراگ شرما ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، ڈی جی پی مہیندر ریڈی ، ڈی جی اے سی بی پورنا چندر راؤ ، میئر بی رام موہن ، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین ، ارکان مقننہ جیون ریڈی ، ناگیندر ، کے پربھاکر ، سرینواس ریڈی ، رعیتو بندھو کے سربراہ پی راجیشور ریڈی ، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار اور دیگر معززین موجود تھے۔