گورنر سوندرا راجن نے غریب خاتون کو لنچ پر مدعو کیا

   

Ferty9 Clinic

راج بھون میں جذباتی مناظر، پریشان حال خاتون کو 50,000 کی مدد اور اناج حوالے

حیدرآباد: گورنر ٹی سوندرا راجن نے جنگاؤں ضلع سے تعلق رکھنے والی ایک ضعیف خاتون کو راج بھون میں لنچ پر مدعو کیا جو اپنی ضعیفی کے باوجود ایک بیمار بیٹے کی کفالت کر رہی ہے۔ 75 سالہ بی راجماں کو راج بھون میں لنچ پر مدعو کرنے کے بعد گورنر نے انہیں غذائی اجناس اور دیگر ضروری سامان کا تحفہ دیا ۔ گورنر نے 50,000 روپئے کی مالی مدد کی اور تقریباً 3 ماہ کا اناج اور ضروری سامان فراہم کیا۔ راجما کا تعلق جنگاؤں کے پالاکرتی منڈل کے موضع لکشمی نارائن پورم سے ہے اور ان کے تحت ایک فرزند زیر کفالت ہے جو خود معذور ہے۔ غریب دلت خاندان سے تعلق رکھنے والی راجما مکان سے بھی محروم ہے اور وہ سڑکوں پر زندگی بسر کرتی ہے اور درختوں کے نیچے رات میں قیام کرتی ہے۔ خاتون کی بہو اور نوازی کا علاج نہ ہونے کے سبب دیہانت ہوگیا۔ گورنر کو یہ جان کر حیرت ہوئی کہ مناسب وقت پر طبی امداد نہ ملنے سے خاتون کی نواسی کی موت واقع ہوئی ہے۔ ڈاکٹر سی سوندرا راجن نے مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے دیہی علاقوں کے پرائمری ہیلت سنٹرس میں بنیادی طبی سہولتوں کی فراہمی اور درکار ادویات کی موجودگی کی ہدایت دی۔ گورنر نے کہا کہ کوئی بھی غریب اور متاثرہ شخص دیہی علاقوں میں طبی سہولتوں سے محروم نہ رہے۔ پسماندگی بہتر علاج کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئے۔ گورنر نے کہا کہ اگر بروقت طبی امداد فراہم کی جاتی تو خاتون کی بہو کو بچایا جاسکتا تھا۔ خاتون کی پریشان حال زندگی میں اطلاع ملنے پر گورنر نے انہیں راج بھون لنچ پر مدعو کیا ۔ راج بھون پہنچنے کے بعد راجماں جذبات سے بے قابو ہوگئی کیونکہ انہیں یقین نہیں ہورہا تھا کہ وہ ریاست کی گورنر کے ساتھ لنچ کر رہی ہے۔ بورنر نے انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے ڈسٹرکٹ برانچ اور مقامی نظم و نسق کو ہدایت دی کہ اس خاتون اور اس کے فرزند کی بہتر دیکھ بھال کا انتخاب کریں۔ انہوں نے دیہی علاقوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کا مشورہ دیا ۔ گورنر نے پالاکرتی میں 2004 بیاچ سے تعلق رکھنے والے سب انسپکٹر جی ستیش کی ستائش کی جنہوں نے 1.6 لاکھ روپئے سے خاتون کیلئے مکان تعمیر کیا۔ اس رقم میں سب انسپکٹر نے اپنے طورپر 80,000 روپئے کا عطیہ دیا۔ حال ہی میں یہ خاتون اپنے نئے مکان میں منتقل ہوچکی ہے ۔ گورنر نے اس موقع پر سابق سرپنچ مانیماں کو تہنیت پیش کی اور ڈاکٹر بی کرشنا اورجہد کار مہیندر کی ستائش کی جو خاتون کو اپنے ساتھ راج بھون لائے تھے ۔