راج بھون میں گورنر مجسمہ غم ، قومی اور ریاستی قائدین کا پرسہ
حیدرآباد۔18 ۔اگست (سیاست نیوز) ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کو اس وقت دلی صدمہ پہنچا جب ان کی والدہ کا آج صبح شہر کے ایک خانگی ہاسپٹل میں دیہانت ہوگیا۔ 77 سالہ شریمتی کرشنا کماری کو مختصر علالت کے بعد خانگی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں دوران علاج ان کا دیہانت ہوگیا۔ والدہ کے دیہانت پر گورنر سوندرا راجن مجسمہ غم دکھائی دے رہی تھی اور انہیں پرسہ دینے کیلئے چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس ہیما کوہلی کے راج بھون پہنچتے ہی گورنر ان سے لپٹ کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں۔ شریمتی کرشنا کماری کی نعش کو آخری دیدار کے لئے راج بھون میں رکھا گیا تھا جہاں کئی اہم شخصیتوں نے پہنچ کر خراج پیش کیا۔ شام تک ارتھی کو راج بھون میں رکھا گیا، بعد میں چینائی منتقل کیا گیا جہاں جمعرات کو آخری رسومات انجام دی جائیں گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گورنر کی والدہ کے دیہانت پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور افراد خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ، مرکزی وزیر جی کرشن ریڈی ، گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ ، چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن ، چیف منسٹر پڈوچیری رنگا سامی اور دیگر قومی شخصیتوں نے گورنر سوندرا راجن کو ٹیلیفون پر تعزیت پیش کی۔ تعزیت پیش کرنے والوں کو گورنر نے بتایا کہ ان کی والدہ نے ہمیشہ غریبوں کی خدمت کے ذریعہ نام پیدا کرنے کی تلقین کی ہے۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ ہیما کوہلی کے علاوہ ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ ، سبیتا اندرا ریڈی ، ستیاوتی راتھوڑ ، سرینواس یادو ، سرینواس گوڑ ، دیاکر راؤ ، محمد محمود علی ، پی اجئے کمار کے علاوہ قانون ساز کونسل کے عبوری صدرنشین بھوپال ریڈی ، کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے صدرنشین پروفیسر پاپی ریڈی ، وجئے کمار آئی پی ایس ، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، کمشنر پولیس انجنی کمار ، صدرنشین پبلک سرویس کمیشن ڈاکٹر جناردھن ریڈی اور کئی آئی پی ایس اور آئی اے ایس عہدیداروں نے راج بھون پہنچ کر گورنر کو اظہار تعزیت پیش کیا۔ اس موقع پر گورنر کے شوہر ڈاکٹر سوندرا راجن اور دیگر افراد خاندان موجود تھے۔ R
