راج بھون سے ٹیلی کانفرنس، 21 مریضوں سے بات چیت، کورونا سے احتیاط کا مشورہ
حیدرآباد: گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے عوام کی خدمت کیلئے اپنے پیشہ طب کے تجربات کا راج بھون سے پہلی مرتبہ مظاہرہ کرکے ٹیلی میڈیسن سے عوام کو مختلف امراض کے سلسلہ میں طبی مشورے دیئے اور دوائیں تجویز کیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر سوندرا راجن خود ڈاکٹر ہیں اور انکے شوہر سوندرا راجن امراض گردہ کے مشہور ڈاکٹر ہیں ، جنہیں حال میں قومی ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ ریاست میں حالیہ بارش سے تباہی کو دیکھتے ہوئے گورنر نے عوام کیلئے اپنی خدمات پیش کیں۔ عوامی گورنر کی حیثیت سے شناخت بناتے ہوئے گورنر نے کئی ٹیلیفون کالس وصول کئے اور مریضوں کو طبی مشورہ دیا ۔ گورنر نے مریضوں کی اطمینان سے سماعت کی اور انہیں نہ صرف ادویات بلکہ ہاسپٹل سے رجوع ہونے جیسے مشورے دیئے ۔ گردوں کی خرابی سے عام سردی ، بخار اور کووڈ۔19 کی علامات کے علاوہ پیٹ میں درد ، بانچھ پن اور پیشاب کی نالی میں انفیکشن کے مریضوں نے فون کرکے گورنر سے طبی مشورہ حاصل کیا۔ راج بھون سے ٹیلی میڈیسن سرویس کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ گورنر نے طبی مشوروں کے علاوہ مریضوں کو جرأت مندی کے ساتھ صورتحال سے نمٹنے اور مایوسی کا شکار نہ ہونے کی صلاح دی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس کے مشورہ پر عمل کیا جائے ۔ مریضوں نے گورنر کی جانب سے تلگو زبان میں گفتگو پر مسرت کا اظہار کیا۔ ایک خاتون نے شوہر کے دونوں گردے ناکارہ ہوجانے کا ذکر کرتے ہوئے امداد کی اپیل کی جس پر گورنر نے راج بھون کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ حکومت سے امداد کے اقدامات کریں ۔ گورنر نے کہا کہ وہ ہمیشہ ای میل پر درخواستوں کا بروقت جواب دیتی ہیں۔ اس کے علاوہ سوشیل میڈیا میں پوسٹنگ سے عوام کی رہنمائی کر رہی ہے ۔ نمائندگیوں کو عہدیداروں تک روانہ کرکے انصاف کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے ۔ گورنر نے ٹیلی کانفرنس کے دوران عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کھانسی ، سردی اور بخار کی صورت میں خوفزدہ نہ ہوں کیونکہ بارش کے سیزن میں یہ عام ہے۔ اگر یہ علامات برقرار رہیں تو اس وقت کورونا کا ٹسٹ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے عوام کو سماجی فاصلہ برقرار رکھنے ، ماسک استعمال و ہاتھوں کی وقفہ وقفہ سے صفائی کی تاکید کی تاکہ کورونا سے بچایا جاسکے ۔ راج بھون ڈسپنسری کے ڈاکٹر دنیش اور ڈاکٹر ناگا منی نے گورنر سے تعاون کیا۔ ٹیلی کانفرنس میں ایک گھنٹہ کے اندر 21 ٹیلی فون کالس ریسیو کئے گئے۔