مظالم کے واقعات کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ
حیدرآباد۔20 ۔ اپریل (سیاست نیوز) بی جے پی نے آج گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں اپوزیشن کے خلاف ٹی آر ایس کے مظالم اور ہراسانی کے واقعات کی شکایت کی ہے۔ رکن اسمبلی رگھونندن راؤ کی قیادت میں پی سدھاکر ریڈی ، رام چندر راؤ اور دیگر قائدین نے راج بھون میں گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت حوالے کی ۔ انہوں نے سیاسی مخالفین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے گورنر سے مداخلت کی اپیل کی ۔ کھمم اور رامائم پیٹ واقعات کے ملزمین کو سزا دلانے کیلئے گورنر سے اپنے اختیارات استعمال کرنے کی درخواست کی گئی ۔ قائدین نے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت سیاسی مخالفین کو ہراسانی کے ذریعہ خودکشی پر مجبور کر رہی ہے۔ یادداشت میں کھمم ، رامائم پیٹ کے علاوہ دیگر اضلاع میں فرضی مقدمات کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ انہوں نے کھمم اور رامائم پیٹ واقعات کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ رگھونندن راؤ نے کہا کہ ریاست میں سرکاری قتل کے واقعات جاری ہیں اور پولیس خاموش تماشائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کی جانبدارانہ کارروائیوں کے بارے میں گورنر کو واقف کرایا گیا ہے ۔ اپوزیشن قائدین کو کونسلنگ کے نام پر ہراساں کیا جارہا ہے تاکہ وہ حکومت کی مخالفت ترک کردیں۔ رگھونندن راؤ نے کہا کہ بی جے پی کو ریاستی اداروں پر بھروسہ نہیں ہے ، لہذا سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ٹی آر ایس فرضی مقدمات کا سہارا لے رہی ہے۔ رام چندر راؤ نے کھمم واقعہ کیلئے ذمہ دار وزیر ٹرانسپورٹ اجئے کمار سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہئے کہ ریاستی وزیر کو کابینہ سے برطرف کریں۔ ر